دیوالی کے پیش نظر ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے لئے دو روزہ وقفہ، 24 اور 26 اکتوبر کو چھٹی پر رہیں گے بھارت یاتری

’بھارت جوڑو یاترا‘ پر نکلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر ’بھارت یاتری‘ دیوالی کے پیش نظر 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک چھٹی پر رہیں گے اور 27 اکتوبر کو دوبارہ یاترا شروع کریں گے

بھارت جوڑو یاترا
بھارت جوڑو یاترا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ’بھارت جوڑو یاترا‘ پر نکلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر ’بھارت یاتری‘ دیوالی کے پیش نظر 24 اکتوبر سے 26 اکتوبر تک چھٹی پر رہیں گے اور 27 اکتوبر کو دوبارہ یاترا شروع کریں گے۔ کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ایک ٹوئٹ میں کہا ’’بھارت جوڑو یاترا کی 24 اور 25 اکتوبر کو دیوالی اور 26 اکتوبر کو ملکارجن کھڑگے کو انتخابی سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے لیے چھٹی رہے گی۔ یہ یاترا 27 اکتوبر کی صبح تلنگانہ میں دوبارہ شروع ہوگی۔‘‘

اس سے پہلے جمعرات کے روز دورے کے 43 ویں دن راہل گاندھی نے آندھرا پردیش کے کرنول ضلع کے موگٹی میں چار مختلف گروپوں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے ویزاگ اسٹیل پلانٹ کی فروخت کے خلاف کانگریس کی مخالفت اور ایک مضبوط اور اسٹریٹجک پبلک سیکٹر کے لیے اس کی ثابت قدمی کا اعادہ کیا۔


ایک دیگر ٹوئٹ میں جے رام رمیش نے کہا ’’بھارت جوڈو یاترا کا 43 واں دن طویل، گرم لیکن بہت کامیاب رہا۔ یہ یاترا علی الصبح کرنول ضلع میں ایک پرجوش بھیڑ کے ساتھ شروع ہوئی۔ دن بھر یاترا کے ساتھ لوگوں کا ہجوم بھی چلتا رہا۔ اس دوران راہل گاندھی نے کئی لوگوں سے مثبت بات چیت کی۔ منترالیم جاتے ہوئے انہوں نے ایک کپاس کے کھیت کا بھی دورہ کیا۔‘‘

وہیں، اپنی گفتگو کے دوران راہل گاندھی نے یہ بھی کہا کہ ان کی پارٹی ایل آئی سی کی نجکاری کے خلاف ہے جس نے ہندوستان کی بہتر خدمت کی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ بیمہ پروڈکٹس بالخصوص صحت کے لیے زیادہ جی ایس ٹی لگایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انشورنس ایجنٹوں کے دیرینہ مطالبات کی مکمل حمایت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔