اگنی پتھ احتجاج: 'بھارت بند' کی وجہ سے دہلی، گڑگاؤں اور نوئیڈا کی رفتار سست، سرحد پر طویل ٹریفک جام

فوج کی نئی بھرتی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف آج کئی تنظیموں کی جانب سے ’بھارت بند‘ کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کے سبب دہلی گڑگاؤں سرحد پر شدید جام لگا ہوا ہے اور گاڑیوں کی قطاریں نظر آ رہی ہیں

ٹریفک جام / ٹوئٹر
ٹریفک جام / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: فوج میں بھرتی کی نئی اسکیم اگنی پتھ کے خلاف نوجوان لگاتار سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور مختلف ریاستوں میں ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ اسی ضمن میں کئی تنظیموں کی جانب سے آج ’بھارت بند‘ کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ بند کا ملک بھر میں وسیع پیمانے پر اثر نظر آ رہا ہے۔

خیال رہے کہ اگنی پتھ کے خلاف بہار اور یوپی کے نوجوان سب سے زیادہ احتجاج کر رہے ہیں اور اس کی مخالفت میں کئی ٹرینوں سمیت بڑے پیمانے پر عوامی املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ احتجاج کے دوران تلنگانہ میں ایک شخص کی موت ہو چکی ہے جبکہ ہریانہ، مدھیہ پردیش، جھارکھنڈ، جنوب اور دیگر ریاستوں میں بھی احتحاج جاری ہے۔


بھارت بند کا دہلی این سی آر پر کافی اثر پڑا ہے اور دہلی گڑگاؤں سرحد پر ٹریفک جام لگ گیا ہے۔ اس دوران گاڑیوں کی لمبی قطاریں سڑکوں پر نظر آ رہی ہیں۔ بہار میں بھی نوجوان بند کو کامیاب بنانے کے لئے متحرک نظر آ رہے ہیں۔ جبکہ پولیس انتظامیہ بند کے پیش نظر الرٹ پر ہے۔ شرپسندوں کو قابو میں کرنے کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

کیرالہ میں پولیس نے کہا کہ تشدد یا عوامی املاک کو نقصانا پہنچانے والے کسی بھی شخص کو گرفتار کرنے کے لئے پوری پولیس فورس ڈیوٹی پر تعینات رہے گی۔ جھارکھنڈ میں تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ 9ویں اور 11ویں کے امتحانات کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔


نوئیڈا پولیس نے دفعہ 144 کا نفاذ کیا گیا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ نظم و نسق کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ جو ایسا کرتے پائے جائیں گے، ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ادھر، فریدآباد میں پولیس ترجمان نے کہا کہ ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی گئی ہے اور 2000 سے زیادہ پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔