اگنی پتھ اسکیم نہ ملک کے مفاد میں ہے نہ نوجوانوں کے: کانگریس
کانگریس لیڈر دیپیندر ہڈا نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اس اگنی پتھ اسکیم کو فوری اثر سے واپس لے کیونکہ یہ نہ تو ملک کی سیکورٹی کے مفاد میں ہے اور نہ ہی نوجوانوں کے مستقبل کے مفاد میں۔
کانگریس نے مسلح افواج کی بھرتی کے لیے لانچ مرکز کی اگنی پتھ اسکیم کے خلاف مظاہرہ کر رہے نوجوانوں کو اپنی حمایت دی ہے، لیکن ان سے امن برقرار رکھنے اور تشدد سے دور رہنے کی گزارش بھی کی ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا نے کہا کہ ’’ان کی فکر کو سمجھتے ہوئے ہم اگنی پتھ منصوبہ کو واپس لینے کے نوجوانوں کے مطالبے کو اپنی حمایت دیتے ہیں، لیکن ساتھ ہی ان سے پرامن مظاہرہ کرنے کی گزارش کرتے ہیں۔‘‘
یہ دیکھتے ہوئے کہ یہ منصوبہ مسلح افواج کا حوصلہ توڑے گا اور ریجمنٹل سسٹم کو کمزور کرے گا، کانگریس لیڈر نے کہا کہ جب ملک پہلے سے ہی چین اور پاکستان سے خطرات کا سامنا کر رہا ہے تو مرکز کو ایسے تجربات کرنے سے بچنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بار بار گزارش کرنے کے بعد بھی مودی حکومت نے تین سال سے بھرتی نہیں کھولی، ایسے میں حکومت کو ملک کے نوجوانوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ پارٹی نے حکومت سے اس پالیسی کو واپس لینے کو کہا۔
اس درمیان مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ اگنی پتھ منصوبہ کے تحت فوج میں بھرتی جلد ہی شروع ہوگی۔ انھوں نے امیدواروں کو اپنی تیاری شروع کرنے کی صلاح دی ہے۔ اس منصوبہ کو ملک کے دفاعی نظام میں شامل ہونے اور ملک کی خدمت کرنے کا سنہرا موقع بتاتے ہوئے راجناتھ سنگھ نے منصوبہ کے ذریعہ سے بھرتی ہونے والے پہلے بیچ کے لیے عمر کی چھوٹ کی اجازت دینے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔