مہنگائی ڈائن: بیش قیمتی ہوا پٹرول، گھروں میں داخل ہوکر کی جا رہی چوری

پٹرول کی آسمان چھوتی قیمتیں تو عوام کے لئے مشکلیں پیدا کر ہی رہی ہیں اب اس کی حفاظت بھی ایک مسئلہ ہے، کیوں کہ چوروں کی نظر اب قیمتی ہو چکے پٹرول پر پڑ چکی ہے۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

آس محمد کیف

علی گڑھ:بڑھتی قیمتوں کے بیچ علی گڑھ سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی ہے۔ یہاں ایک گروہ رات کے اندھیرے میں گھر میں داخل ہو کر پٹرول چرانے کا کام کر رہا ہے۔ ایک مقامی ڈاکٹر کے گھر میں لگے سی سی ٹی وی میں چوری کرنے کی پوری واردات قید ہو گئی ہے۔

قومی آواز کے پاس اس واقعہ کے ویڈیوز موجود ہیں۔

ملک بھر میں گزشتہ کچھ وقت سے لگاتار پٹرول کے داموں میں اضافہ ہو رہا ہے اور یہ 80 روپے فی لیٹر سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔ چوروں کے لئے پٹرول اب دیگر بیش قیمتی چیزوں کی طرح اہم بن چکا ہے اور چوروں نے اب گاڑیوں اور بائیکوں سے پٹرول چرانا شروع کر دیا ہے۔

پٹرول چوری کا ایک واقعہ علی گڑھ کے سول لائن تھانہ علاقہ میں واقع سر سید نگر کے ایک گھر کا ہے۔ گھر کے مالک ڈاکٹر سلیم احمد خان کے مطابق یہ واقعہ 18 مئی کی رات کا ہے۔ ڈاکٹر سلیم اور ان کی اہلیہ میڈیکل کالج سے رات 11 بجے گھر واپس آئے تھے، کچھ دیر بعد انہوں نے گھر کے باہر سے آرہی کچھ آوازیں سنیں، آواز سن کر وہ باہر آئے تو انہوں نے دیکھا کہ ایک نوجوان ان کی بلٹ موٹر سائیکل کے پاس کچھ کر رہا، غور سے دیکھنے سے پتہ چلا کہ تیل کی ٹنکی کا پائپ کھلا ہوا ہے اور نوجوان موٹر سائیکل کا پٹرول چوری کر رہا ہے۔

ڈاکٹر سلیم کے مطابق اس واقعہ کے بعد سے وہ پوری طرح نظر رکھنے لگے۔ 28 مئی کو چور پھر آ گیا، اس مرتبہ وہ سحری کے وقت (رات کو 3 بجے کے بعد) آیا۔ گھر میں جب ہلچل ہوئی تو چور دیور پھاند کر بھاگ گیا۔ تیل چوری کے دونوں واقعات سی سی ٹی وی میں قید ہو گئے۔

ڈاکٹر سلیم کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں سے ان کی بائیک کا تیل جلدی ختم ہو جاتا تھا، اب انہیں اس کی وجہ سمجھ میں آ ئی ہے۔ آس پاس کے کئی گھر والوں نے بھی پٹرول چوری ہونے کی شکایت کی ہے۔

ڈاکٹر سلیم نے سی سی ٹی وی فوٹیج مقامی سول لائن تھانے کو سونپ دی ہیں اور واقعہ کی شکایتی تحریر بھی دے دی ہے۔ پولس نے معاملہ درج کر لیا ہے اور چور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 May 2018, 4:12 PM