لالو پرساد کی سزا پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دیا حیرت انگیز بیان

ڈورنڈا ٹریزری نکاسی معاملے میں آر جے ڈی چیف لالو یادو کو پانچ سال کی سزا سنائی گئی ہے جس کے بعد بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا کہ اس معاملے میں کیس کرنے والوں میں کچھ لوگ آج کل انہی کے ساتھ ہیں

لالو یادو، نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
لالو یادو، نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

چارہ گھوٹالہ میں ڈورنڈا ٹریزری نکاسی معاملے میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) چیف لالو پرساد کو عدالت کے ذریعہ پانچ سال کی سزا سنائے جانے کے بعد بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک حیرت انگیز بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس معاملے میں کیس کرنے والوں میں کچھ لوگ آج کل انہی کے ساتھ ہیں۔

رانچی سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے ذریعہ لالو پرساد کو سزا سنائے جانے کے بعد صحافیوں کے ذریعہ پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے نتیش کمار نے کہا کہ لالو یادو پر کیس کرنے والوں میں کئی لوگ تھے۔ کیس کرنے والوں میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو آج کل انہی کے ساتھ ہیں۔ کیس کرنے والوں میں کچھ اِدھر ہیں تو کچھ اُدھر ہیں۔ نتیش کمار نے ساتھ ہی کہا کہ لالو یادو پر کیس کرنے والوں میں ایک شخص اور ہیں، جنھوں نے ہمیں ان سے الگ کرایا تھا۔ اس وقت وہ پھر سے اُدھر ہی ہیں۔ وہ لوٹ کر ہمارے ساتھ آئے پھر اُدھر ہی چلے گئے۔ انھوں نے بھی کیس کیا تھا۔


وزیر اعلیٰ نے طنزیہ انداز میں کہا کہ کیس کرنے والے بیشتر لوگ اُدھر ہی ہیں، انہی لوگوں سے سوال پوچھیے۔ کیس کرنے کے بعد جانچ ہوئی ہے۔ ٹرائل ہوا ہے اور اس کے بعد سزا ہوئی ہے، اس پر ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔ اس لیے اس کے بارے میں مجھے کچھ نہیں کہنا ہے۔ انھوں نے صاف لفظوں میں کہا کہ ’’ہم نے تو کیس کیا ہی نہیں ہے، کیس کرنے والے انہی کے ساتھ ہیں۔ ان کے پاس اختیار ہے کہ وہ آگے کی عدالت میں اپیل کریں۔‘‘

واضح رہے کہ رانچی واقع سی بی آئی کی اسپیشل کورٹ نے ڈورنڈا ٹریزری سے 139.5 کروڑ کی غیر قانونی نکاسی کے معاملے میں بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کو 5 سال کی سزا سنائی ہے۔ ان پر 60 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ یہ چارہ گھوٹالے سے جڑا پانچواں مقدمہ ہے، جس میں عدالت نے انھیں سزا سنائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔