پارلیمانی رکنیت بحال ہونے کے بعد راہل گاندھی کو 12 تغلق لین والا بنگلہ بھی مل گیا، 22 اپریل کو کیا تھا خالی

12 تغلق لین واقع بنگلہ واپس ملنے کے بعد راہل گاندھی کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے، انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>

راہل گاندھی، تصویر @INCIndia

user

قومی آواز بیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت 7 اگست کو بحال ہو گئی تھی، اور ایک دن بعد یعنی آج ان کو پرانا سرکاری بنگلہ بھی الاٹ کر دیا گیا ہے۔ ہاؤسنگ کمیٹی نے انھیں دہلی کے 12 تغلق لین والا بنگلہ واپس دے دیا ہے جسے انھوں نے رواں سال 22 اپریل کو خالی کیا تھا۔ بنگلہ واپس ملنے کے بعد راہل گاندھی کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’میرا گھر پورا ہندوستان ہے۔‘‘

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مودی سرنیم سے جڑے ہتک عزتی کے ایک معاملے میں راہل گاندھی کی سزا پر جمعہ (4 اگست) کو روک لگا دی تھی۔ اسی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت بحال کر دی گئی۔ اس سلسلے میں 7 اگست کو نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا، اور اب 8 اگست کو ان کا بنگلہ بھی واپس مل گیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے 22 اپریل کو دہلی کے 12 تغلق لین والا بنگلہ خالی کیا تھا جہاں انھوں نے 19 سال گزارے تھے۔ انھوں نے بنگلہ خالی کرنے کے دوران کہا تھا کہ سچائی کی جو بھی قیمت ہو، وہ ادا کریں گے۔ اس کے لیے ہمیشہ وہ تیار ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ عوام نے مجھے گھر دیا تھا، لیکن چھین لیا گیا... کوئی بات نہیں۔

راہل گاندھی کو مودی کنیت معاملے میں گجرات کی ایک عدالت نے دو سال کی سزا سنائی تھی جس کے بعد مرکزی حکومت نے ان کی لوک سبھا رکنیت رد کر دی تھی۔ بعد ازاں ان کا سرکاری بنگلہ بھی واپس لے لیا گیا تھا۔ راہل گاندھی نے مودی کنیت معاملے میں دی گئی سزا کے خلاف گجرات ہائی کورٹ میں اپیل داخل کی تھی، لیکن انھیں وہاں راحت نہیں ملی تھی۔ بالآخر سپریم کورٹ سے راہل گاندھی کو راحت ملی ہے اور اب وہ لوک سبھا کے اجلاس میں شریک بھی ہونے لگے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔