بارش کا سلسلہ رکنے کے بعد شمالی ہند کے لوگ اکتوبر میں بھی شدید گرمی سے پریشان

محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ شمالی ہند کی ریاستوں میں ہلکی پھلکی بارش کے درمیان اگلے کچھ دنوں تک گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

<div class="paragraphs"><p> شدید گرمی کی علامتی تصویر/ آئی اے این ایس</p></div>

شدید گرمی کی علامتی تصویر/ آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی-این سی آر سمیت شمالی ہند کی کچھ ریاستوں میں بارش کا سلسلہ تھم چکا ہے لیکن اب لوگوں کو اکتوبر میں بھی شدید گرمی کا سامنا کرنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جانکاری دی ہے کہ دہلی والوں کو ابھی جمعہ تک گرمی سے راحت ملنے کی امید نہیں ہے۔ یہاں بدھ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37.2 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 26.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ یہی حالت نوئیڈا، گریٹر نوئیڈا، غازی آباد، گروگرام اور فرید آباد کی بھی ہے۔ حالانکہ محکمہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دہلی-این سی آر میں ہفتہ کو ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

اتر پردیش میں بھی مانسون کی بارش کا سلسلہ رک گیا ہے۔ اب یہاں لوگ پھر  گرمی سے پریشان ہیں اور اگلے تین چار دنوں تک یہاں ایسا ہی موسم برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حالانکہ محکمہ موسمیات نے یوپی کے الگ الگ ضلعوں میں گرمی کے درمیان ہی آج اور اگلے کچھ دن بیچ بیچ میں ہلکی پھلکی بارش ہونے کی بات بتائی ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق ہریانہ میں بھی کچھ دنوں تک شدید گرمی رہ سکتی ہے۔ یہاں جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.88 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26.2 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ راجستھان کی بات کی جائے تو یہاں ہفتہ کو مانسون ختم ہوگا۔ اگلے کچھ دنوں میں ریاست میں موسم خشک رہے گا۔ کوٹا، اُدے پور اور بیکانر کچھ حصوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

پنجاب کے سلسلے میں محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہاں آج شدید گرمی رہے گی۔ یہاں کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 42.27 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت 25.54 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ 4 اکتوبر سے 6 اکتوبر تک اسی طرح کا موسم بنا رہے گا۔ وہیں ریاست بہار میں موسم سہانہ رہے گا۔ آئی ایم ڈی نے بتایا ہے کہ یہاں آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور کچھ ضلعوں میں ہلکی پھلکی بارش ہو سکتی ہے۔ سیلاب زدہ شمالی بہار یعنی دربھنگہ اور مدھوبنی میں اگلے چار دنوں تک ہلکے سے درمیانے بادل رہ سکتے ہیں۔ حالانکہ محکمہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ریاست میں اگلے دو تین دنوں تک موسم خشک رہے گا۔


ملک کی دیگر ریاستوں کی بات کریں تو شمال مشرقی ہند میں موسم تھوڑا الگ رہے گا۔ آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم، تریپورہ، انڈمان-نکوبار جزائر گروپ، سکم، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اوڈیشہ، تلنگانہ، ساحلی کرناٹک، مہاراشٹر، کیرل اور لکش دیپ میں اگلے 2 سے 3 ہفتے ہلکی بارش کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔