پہلوانوں سے مارپیٹ کی خبر کے بعد جنتر منتر پہنچیں دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ، کہا- ’دہلی پولیس غنڈہ گردی پر کیوں اتر آئی؟‘
دہلی خاتون کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے کہا کہ دہلی پولیس غنڈہ گردی پر کیوں اتر آئی ہے؟ دہلی پولیس برج بھوشن کو بچانے کے لئے اور کیا کیا کرے گی؟
نئی دہلی: دہلی پولس کے ذریعہ دہلی کے جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں کے ساتھ بدسلوکی کی خبر کے بعد دہلی خواتین کمیشن کی چیئرپرسن سواتی مالیوال یہاں پہنچی ہیں۔ سواتی مالیوال کو دہلی پولیس نے پہلوانوں سے ملنے سے پہلے روکا، حالانکہ بعد میں انہیں ان سے ملنے کی اجازت دے دی گئی۔
پہلوانوں سے ملنے سے روکنے پر دہلی خواتین کمیشن کی سربراہ سواتی مالیوال نے کہا ’’لڑکیوں سے ملنا نہ صرف میرا حق ہے بلکہ میرا فرض ہے۔ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ دہلی پولیس میری ڈیوٹی کرنے میں میری مدد کیوں نہیں کر رہی ہے۔ دہلی پولیس نے غنڈہ گردی کا سہارا کیوں لیا؟ برج بھوشن کو بچانے کے لیے دہلی پولیس اور کیا کرے گی؟ دہلی پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ تاحال نابالغ لڑکی کا بیان نہیں لیا گیا۔ برج بھوشن کو گرفتار کرنے کے بجائے دہلی پولیس لڑکیوں کو ہراساں کر رہی ہے۔‘‘
جنتر منتر پر احتجاج کرنے والے پہلوانوں نے دہلی پولیس پر ان کے ساتھ بدسلوکی اور مارپیٹ کا الزام لگایا ہے۔ پہلوانوں کے مطابق پولیس نے رات گئے ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور ان کے ساتھ بدسلوکی بھی کی۔ اس سلسلے میں پہلوان بجرنگ پونیا نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھا ہے۔
پہلوان بجرنگ پونیا نے خط میں لکھا ’’ہم اولمپین گزشتہ 11 دنوں سے دہلی کے جنتر منتر پر اپنے مطالبات کے لیے پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ دریں اثنا، 3 مئی کی رات تقریباً 11 بجے جب ہم اپنے رات کے آرام کے انتظامات کر رہے تھے، دہلی پولیس کے اے سی پی دھرمیندر نے 100 سے زیادہ پولیس والوں کے ساتھ ہم پر حملہ کیا۔ اس حملے میں ہمارے ساتھی دشینت پھوگاٹ اور راہل یادو کے سر پھوڑ دیئے گئے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔