رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد مہاراشٹر میں سبھی سرکاری پروگرام منسوخ، جھارکھنڈ میں ایک دن کے سوگ کا اعلان

جانکاری کے مطابق رتن ٹاٹا کا جسد خاکی ان کے کولابہ واقع گھر لے جایا جائے گا اور نریمن پوائنٹ کے این سی پی اے میں اسے آخری دیدار کے لیے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ملک کے بڑے کاروباریوں میں سے ایک رتن ٹاٹا کے انتقال سے پورے ملک میں غم کی لہر ہے۔ بدھ (9 اکتوبر) کی دیر رات وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں چیک اَپ کے لیے داخل ہوئے تھے جہاں انہوں نے 86 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔ جانکاری ملنے پر دیر رات مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ دیوندر فڑنویس اور کاروباری مکیش امبانی بھی اسپتال پہنچے تھے۔

ذرائع کے مطابق رتن ٹاٹا کا جسد خاکی ان کے کولابہ واقع گھر لے جایا جائے گا۔ اس کے بعد صبح 9.45 بجے انہیں کولابہ سے نریمن پوائنٹ کے این سی پی اے لے جایا جائے گا۔ یہاں رتن ٹاٹا کا جسد خاکی آخری دیدار کے لیے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک رکھا جائے گا۔ اس کے بعد ورلی میں ان کی آخری رسوم ادا کی جائے گی۔


رتن ٹاٹا کے انتقال سے پورے ملک میں سوگ کا ماحول ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی، راہل گاندھی سمیت بڑے بڑے سیاست دانوں، کاروباریوں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات سے لے کر عام لوگوں تک سبھی نے ان کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ رتن ٹاٹا کے انتقال کے بعد مہاراشٹر کے سبھی سرکاری پروگرام منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ جھارکھنڈ میں بھی ایک دن کے سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔

ارب پتی ہرش گوئینکا نے بھی رتن ٹاٹا کے انتقال پر اپنے غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے 'ایکسپر اپنے ایک پوسٹ میں انہیں "ٹائٹن" قرار دیا ہے۔ سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے رتن ٹاٹا کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کرتے ہوئے انہیں ملک کا عظیم سپوت بتایا ہے۔ انہوں نے 'ایکس' پر لکھا "رتن ٹاٹا کے ساتھ میرے تین دہائی سے قریبی خاندانی تعلقات تھے"۔


غور طلب رہے کہ تاجر رتن ٹاٹا کے پاس 30 سے زیادہ کمپنیاں تھیں جو 6 براعظموں کے 100 سے زیادہ ممالک میں پھیلی تھیں۔ اس کے باوجود وہ سادگی بھری زندگی جیتے تھے۔ اسی خاصیت کی وجہ سے پورے ملک میں ان کی کافی عزت و توقیر تھی۔

رتن ٹاٹا کی پیدائش 28 دسمبر 1937ء کو ہوئی تھی۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ممبئی کے کیتھڈرل اینڈ جان کانن اسکول سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے امریکہ کی کارنیل یونیورسٹی سے بھی آرکیٹیکچر اور اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی۔ 1962 میں ٹاٹا گروپ میں شامل ہونے سے پہلے رتن ٹاٹا نے امریکہ میں کچھ وقت تک کام کیا۔ 1981 میں انہیں ٹاٹا انڈسٹریز کا چیئرمین بنایا گیا۔ 1991 میں جے آر ڈی ٹاٹا کے ریٹائرمنٹ کے بعد رتن ٹاٹا نے ٹاٹا سنس کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔