بنگلہ دیش سے نیپال کے لیے پرواز بھرنے کے بعد مسافر طیارہ میں آئی تکنیکی خرابی، پٹنہ ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ
طیارہ کی تکنیکی خامی کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس میں کامیابی مل گئی تو بی بی سی 371 کو ہی پرواز کی اجازت دی جائے گی، ورنہ ایئر انڈیا کے طیارہ سے مسافروں کو منزل تک پہنچایا جائے گا۔
بہار واقع پٹنہ ایئرپورٹ پر بین الاقوامی طیاروں کی لینڈنگ نہیں ہوتی، لیکن آج ایسے حالات پیدا ہو گئے کہ ایک طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی ہی پڑی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز بنگلہ دیش سے نیپال کے لیے پرواز بھرنے والا ایک طیارہ اچانک پٹنہ ایئرپورٹ پر اترا۔ اس طیارہ میں 77 مسافر تھے اور طیارے کی بہ حفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔ ابتدائی جانکاری میں بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ نے ڈھاکہ سے کاٹھمنڈو کے لیے پرواز بھرا تھا، لیکن تکنیکی خامی کی وجہ سے اسے پٹنہ ایئرپورٹ پر اتارنا پڑا۔ ایئر ٹرافک کنٹرول نے نزدیکی سہولت پٹنہ میں دیکھتے ہوئے ایمرجنسی لینڈنگ کی منظوری دی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 3 بجے تک طیارہ کی خامی کو دور نہیں کیا جا سکا اس وجہ سے طیارہ پٹنہ ایئرپورٹ پر ہی کھڑی ہے۔ طیارہ میں بیٹھے مسافروں کو اتارا نہیں گیا ہے، انھیں طیارہ کے اندر ہی سبھی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مسافروں کو میسج دیا جا رہا ہے کہ تکنیکی خامی دور ہونے کے بعد طیارہ کاٹھمنڈو کے لیے پرواز بھرے گا۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ بین الاقوامی طیارہ کی پٹنہ ایئرپورٹ پر ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ کی خبر باہر دینے سے منع کیا گیا تھا، لیکن ایئرپورٹ سے باہر نکل رہے کچھ لوگوں سے یہ بات بھی باہر نکل گئی۔ بعد میں ایئرپورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ بی بی سی 371 طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ پٹنہ ایئرپورٹ میں ہوئی اور سبھی 77 مسافر محفوظ ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ان مسافروں کو ایئر انڈیا کی فلائٹ سے نیپال بھیجا جا سکتا ہے۔ دراصل طیارہ کی تکنیکی خامی کو دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگر اس میں کامیابی مل گئی تو بی بی سی 371 کو ہی پرواز بھرنے کی اجازت دی جائے گی، ورنہ ایئر انڈیا کے طیارہ سے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔