انڈونیشیا سے واپس لوٹے پی ایم مودی، اب کابینہ میٹنگ میں جی-20 اجلاس کی تیاریوں کا لیں گے جائزہ

امریکی صدر بائڈن کے علاوہ برطانوی وزیر اعظم رشی سنک، جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا اور کناڈائی وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سمیت جی-20 تنظیم کے سرکردہ لیڈران جمعہ سے ہی نئی دہلی پہنچنا شروع کر دیں گے۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی آسیان-ہندوستان اعلیٰ سطحی اجلاس سے وطن واپس لوٹ آئے ہیں اور نئی دہلی پہنچتے ہی وہ راجدھانی دہلی میں ہونے والے جی-20 اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے والے ہیں۔ وزیر اعظم مودی دہلی واقع سشما سوراج بھون میں تھوڑی دیر میں کابینہ میں شامل وزراء سے ملاقات کریں گے، جہاں انھیں جی-20 اعلیٰ سطحی اجلاس کی تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی جائے گی۔ یہ اجلاس 9 اور 10 ستمبر کو نئی دہلی میں ہوگی اور امریکی صدر جو بائڈن 8 ستمبر کو نئی دہلی پہنچیں گے۔

امریکی صدر جو بائڈن کے علاوہ برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک، جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا اور کناڈائی وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو سمیت جی-20 تنظیم کے سرکردہ لیڈران جمعہ سے ہی نئی دہلی پہنچنا شروع کر دیں گے۔ یہ اجلاس پرگتی میدان میں نو تعمیر بین الاقوامی اجلاس اور نمائش سنٹر ’بھارت منڈپم‘ میں منعقد کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ نئی دہلی میں ہونے والا دو روزہ اجلاس ملک کے لیے تاریخی ہے کیونکہ یہ پہلی بار ہے جب ہندوستان اس عالمی گروپ کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس عظیم الشان اجلاس کے پیش نظر راجدھانی میں سیکورٹی نظام اور شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے سمیت کئی طرح کی وسیع تیاریاں کی گئی ہیں۔ اس اجلاس میں 30 سے زائد بیرون ممالک کے سربراہان، یوروپی یونین اور مدعو مہمان ممالک کے سرکردہ افسران و بین الاقوامی اداروں کے 14 سربراہان کے شامل ہونے کا امکان ہے۔ حالانکہ روسی صدر ولادمیر پوتن اور چینی صدر شی جنپنگ اس سمیلن میں شامل نہیں ہو رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔