کیجریوال کی نظریں گجرات پر، احمد آباد میں روڈ شو کیا
پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا کہ دہلی اور پنجاب کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، اب عام آدمی پارٹی گجرات کی تیاری کر رہی ہے۔
پنجاب میں شاندار انتخابی فتح کے بعد، عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے اب اپنی نظریں گجرات پر گاڑ دی ہیں، جہاں سال کے آخر میں انتخابات ہونے والے ہیں۔
عآپ کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کے ہمراہ ہفتہ کے روز احمد آباد میں سابرمتی آشرم کا دورہ کیا اور ایک روڈ شو بھی کیا جسے انہوں نے 'ترنگا یاترا' کا نام دیا ۔
روڈ شو کے دوران مسٹر کیجریوال نے گجرات کے ووٹروں سے دہلی اور پنجاب کی طرح اپنی پارٹی کو موقع دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ’میں یہاں کسی پارٹی پر تنقید کرنے نہیں آیا ہوں۔ میں یہاں بی جے پی کو ہرانے نہیں آیا ہوں۔ میں کانگریس کو ہرانے نہیں آیا ہوں۔ میں گجرات کو فتح کرنے آیا ہوں۔ ہمیں گجرات میں بدعنوانی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی 25 سالہ حکومت ریاست سے بدعنوانی کو ختم کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے مسٹر بھگونت مان نے کہا، “دہلی اور پنجاب کا مسئلہ حل ہو گیا ہے۔ اب ہم گجرات کی تیاری کر رہے ہیں"۔
2017 میں، 182 رکنی گجرات اسمبلی میں بی جے پی نے 99 نشستیں حاصل کی تھیں اور کانگریس کو 77 نشستیں ملی تھیں۔ پارٹی سے بغاوت کے بعد کے ضمنی انتخابات میں شکست کی وجہ سے کانگریس کی سیٹوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے، جب کہ بی جے پی کی سیٹیں بڑھ کر 112 ہو گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔