پٹنہ جنکشن کے بعد اب بھاگلپور میں فحش ویڈیو چلنے کا واقعہ، سر بازار میونسپل کارپوریشن نے کیا شرمسار
بھاگلپور پولیس نے کہا کہ ’جیون جاگرتی سوسائٹی‘ کے سربراہ ڈاکٹر اجئے کمار کی درخواست پر ہم نے نامعلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے، ہم معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔
پٹنہ ریلوے اسٹیشن پر لگے ایل ای ڈی اسکرین پر فحش ویڈیو چلائے جانے کا معاملہ ابھی پوری طرح ٹھنڈا بھی نہیں پڑا تھا کہ اب بھاگلپور میں بھی اسی طرح کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں بھاگلپور ریلوے اسٹیشن کے پاس امبیڈکر چوک پر لگے میونسپل کارپوریشن کے ایل ای ڈی اسکرین پر پیر کے روز اچانک فحش ویڈیو چلنے لگی، جس سے بازار میں موجود لوگ حیرت میں پڑ گئے۔
میونسپل کارپوریشن کے ایل ای ڈی اسکرین پر فحش ویڈیو چلتے ہی بڑی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہو گئے اور کچھ نے موبائل فون پر سب کچھ ریکارڈ کر لیا اور اسے سوشل میڈیا پر ڈال دیا۔ خبر پھیلتے ہی بھاگلپور کا ضلع انتظامیہ فوراً حرکت میں آیا اور ڈسپلے بورڈ اور میسج کو وہاں سے ہٹا دیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق بھاگلپور میونسپل کارپوریشن نے شہر کی صاف صفائی کے لیے ’جیون جاگرتی سوسائٹی‘ کو ٹھیکہ دیا تھا جس نے لوگوں کو سفری اصول و ضوابط کے تئیں بیدار کرنے کے لیے شہر کے کچھ مقامات پر ایل ای ڈی اسکرین لگائے ہیں جو ایک کنٹرول روم سے آپریٹ ہوتا ہے۔ اسی ادارہ کے ذریعہ لگائے گئے ایل ای ڈی اسکرین پر فحش ویڈیو چلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
سوسائٹی کے سربراہ اجئے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے کچھ لوگوں نے ہیک کر لیا، جس کی وجہ سے فحش پیغام اسکرین پر نظر آنے لگا۔ کوتوالی تھانہ کے ایس ایچ او جواہر پرساد یادو نے بتایا کہ ’جیون جاگرتی سوسائٹی‘ کے سربراہ ڈاکٹر اجئے کمار کی درخواست پر ہم نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ یہ ہیکنگ کا معاملہ بتایا جا رہا ہے، ہم اس پورے واقعہ کی جانچ کر رہے ہیں۔ کسی کو بھی ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔