مدر ڈیری اور امول کے بعد ’سانچی دودھ‘ بھی ہوا مہنگا، فی لیٹر 5 روپے تک اضافہ
بھوپال دودھ یونین نے سانچی دودھ کی قیمتوں میں 3 روپے سے 5 روپے تک کے اضافہ سے متعلق فیصلہ کیا، بھوپال دودھ یونین نے بتایا کہ دودھ کی قیمت میں یہ اضافہ 21 مارچ یعنی پیر کے روز سے اثرانداز ہوگا۔
ہندوستان میں مہنگائی کسی بھی صورت کم ہوتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ بلکہ دن بہ دن چیزوں کی قیمتیں بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔ قیمتوں میں تازہ اضافہ ’سانچی‘ کمپنی نے کیا ہے جس نے دودھ کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کر دیا ہے۔ مدر ڈیری اور امول کمپنی کے ذریعہ دودھ کی قیمت بڑھائے جانے کے بعد سانچی کمپنی کا بھی دودھ کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ دودھ خریداروں کے لیے جھٹکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کرناٹک کے مسلمانوں کے لیے لمحہ فکریہ... ظفر آغا
میڈیا رپورٹ کے مطابق بھوپال دودھ یونین نے سانچی دودھ کی قیمتوں میں 3 روپے سے 5 روپے تک کے اضافہ سے متعلق فیصلہ کیا۔ بھوپال دودھ یونین نے بتایا کہ دودھ کی قیمت میں یہ اضافہ 21 مارچ یعنی پیر کے روز سے اثرانداز ہوگا۔ حالانکہ پری-کارڈ ہولڈرس کو 15 اپریل تک پرانی قیمت پر ہی دودھ ملے گا کیونکہ انھوں نے پرانی شرحوں پر ادائیگی کی ہوئی ہے۔ 16 اپریل سے انھیں بھی نئی قیمتوں کے ساتھ دودھ دیا جائے گا۔
ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سانچی کمپنی نے فیصلہ کیا ہے کہ فل کریم دودھ (500 ایم ایل) کا پیکٹ جو 27 روپے میں مل رہا ہے وہ پیر سے 29 روپے میں، فل کریم دودھ ایک لیٹرک کا پیکٹ جو ابھی 53 روپے کا مل رہا ہے وہ پیر سے 57 روپے میں، اسٹینڈرڈ دودھ (شکتی) 500 ایم ایل کا پیکٹ 25 روپے کی جگہ 27 روپے میں، ٹونڈ دودھ (تازہ) 500 ایم ایل کا پیکٹ 22 روپے کی جگہ 24 روپے میں، ڈبل ٹونڈ دودھ (اسمارٹ) 500 ایم ایل کا پیکٹ 20 روپے کی جگہ 22 روپے میں، ڈبل ٹونڈ دودھ (اسمارٹ) 200 ایم ایل کا پیکٹ اب 9 روپے کی جگہ 10 روپے میں ملے گا۔ علاوہ ازیں ’چاہ دودھ‘ کے ایک لیٹر پیکٹ کے لیے پیر سے 48 روپے کی جگہ 53 روپے، اور ’چائے اسپیشل دودھ‘ کے لیے 43 روپے کی جگہ 47 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔