پونے میں بارش سے گری دیوار، 17 افراد جاں بحق
مہاراشٹر کے پونے میں ایک دیوار گرنے سے 17 افراد کی موت ہو گئی ہے اور موصولہ خبروں کے مطابق کئی لوگ اب بھی ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
مہاراشٹر کے پونے میں زبردست بارش کی وجہ سے ایک دیوار گر گئی جس میں 17 لوگوں کی جان جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں اور متعدد لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔ یہ حادثہ پونے کے کوندھوا علاقہ میں ہوا اور وہاں فی الحال راحت اور بچاؤ کا کام جاری ہے۔ آگ بجھانے والے محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ مرنے والوں میں 9 مرد، ایک خاتون اور بقیہ 5 بچے ہیں۔ دو دیگر مرنے والوں کے تعلق سے پتہ نہیں چل پایا ہے کہ وہ مرد ہیں یا خاتون یا پھر بچے۔ خبر لکھے جانے تک مرنے والوں میں سے کسی کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ لیکن یہ ضرور بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تعلق بہار یا مغربی بنگال سے ہو سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق کوندھوا علاقہ میں تالاب مسجد کے قریب 60 فٹ اونچی دیوار وہاں پر ٹین کی بنی جھونپڑیوں پر گر پڑی اورموصولہ اطلاعات کے مطابق اب بھی ان جھونپڑیوں کے ملبہ میں دو تین افراد دبے ہوئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نول کشور رام کا اس حادثہ کے تعلق سے کہنا ہے کہ ’’بھاری بارش کی وجہ سے عمارت کی یہ دیوار گر گئی۔ اس حادثہ کے بعد کنسٹرکشن کمپنی کی لاپروائی کی بات بھی سامنے آئی ہے اور 17 افراد کی موت کوئی چھوٹا واقعہ نہیں ہے۔ اس میں زیادہ تر مزدور بہار اور بنگال کے بتائے جا رہے ہیں۔ حکومت متاثرین کی مدد کرے گی‘‘۔
ذرائع کے مطابق اس علاقہ میں ایک سوسائٹی کا تعمیراتی کا م چل رہا تھا اور پاس میں ہی مزدوروں کے رہنے کے لئے کچے مکان بنے ہوئے تھے۔ عمارت کی دیوار مزدوروں کی اس بستی پر ہی گر گئی۔ ادھر زخمیوں کا علاج قریب کے اسپتال میں چل رہا ہے۔
جمعہ کو ہوئی زبردست بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں پانی بھر گیا تھا۔ ادھر آٹو اسٹینڈ پر پیڑ گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب پانی میں کرنٹ پھیل جانے سے 3 افراد کی موت ہو گئی۔ ریاست مہاراشٹر سے ملنے والی خبروں کے مطابق اب تک بار ش سے مرنے والوں کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔