گجرات کے بعد اب راجستھان میں سمندری طوفان بپرجوائے کا اثر، تیز ہوائیں اور شدید بارشیں جاری
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کا سب سے زیادہ اثر جالور، سروہی اور باڑمیر میں دیکھا گیا۔ ان اضلاع میں 4 سے 5 انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
نئی دہلی: گجرات کے بعد اب راجستھان میں سمندری طوفان بپرجوائے کا اثر دکھائی دے رہا ہے۔ ہفتہ کی صبح سے ہی باڑمیر، سروہی، ادے پور، جالور، جودھ پور اور ناگور میں بارش ہو رہی ہے۔ 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس کا سب سے زیادہ اثر جالور، سروہی اور باڑمیر میں دیکھا گیا۔ ان اضلاع میں 4 سے 5 انچ بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے باڑمیر، جالور، سروہی اور پلی کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے۔ ساتھ ہی، ریلوے نے باڑمیر سے گزرنے والی 14 ٹرینوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ اسی طرح ادے پور سے دہلی اور ممبئی کی دو پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پاکستان کی سرحد سے ملحقہ باڑمیر کے 5 گاؤوں (باکھاسر، سیڑوا چوہٹن، رامسر، دھورمنا) کے پانچ ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے کہا کہ یہ سمندری طوفان، جنوب مغربی راجستھان اور کَچھ کے آس پاس کے جنوب مشرقی پاکستان پر کَل رات ساڑھے گیارہ بجے ہوا کے گہرے کم دباؤ میں بدل گیا تھا۔ یہ علاقہ گجرات میں دھولاویرا کے تقریباً 100 کلو میٹر شمال مشرق میں ہے۔
گجرات کے ساحلی علاقوں میں اثر انداز ہونے کے بعد کمزور پڑ گیا ہے۔ تاہم راجستھان میں اس کا اثر اتوار تک رہے گا۔ یہاں کے کئی علاقوں میں موسلادھار سے ہلکی بارش ہوگی۔ دوسری جانب گجرات نے اپنے پیچھے بہت بڑی تباہی چھوڑی ہے۔ طوفان نے کچھ اور سوراشٹرا کے 8 اضلاع میں زیادہ نقصان پہنچایا۔
این ڈی آر ایف کے ڈی جی کروال کے مطابق راجکوٹ کے علاوہ کہیں بھی بارش نہیں ہو رہی ہے۔ دوسری جانب گجرات میں موسم معمول پر آتے ہی بے گھر افراد کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ طوفان سے ہونے والے نقصانات کا بھی سروے کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔