آئی اے ایس ٹینا ڈابی سے طلاق کے بعد اب اطہر عامر خان نے دوسری شادی کرلی
یو پی ایس سی ٹاپر ٹینا ڈابی کے سابق شوہر آئی اے ایس اطہر عامر خان نے ڈاکٹر مہرین قاضی سے شادی کر لی ہے۔
سری نگر میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور یو پی ایس سی ٹاپر ٹینا ڈابی کے سابق شوہر آئی اے ایس اطہر عامر خان نے دوسری شادی کر لی ہے۔ عامر نے اپنی شادی ڈاکٹر مہرین قاضی سے کی ہے۔ اطہر نے اپنی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر شیئر کی ہے، جس کے بعد ان کے مداح انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔
دراصل اطہر اور ڈاکٹر مہرین قاضی، دونوں نے منگنی جولائی کے مہینے میں کی تھی جس کے بعد سے ان کے مداح ان کی شادی کا مسلسل انتظار کر رہے تھے۔ اس کے ساتھ ہی اب یکم اکتوبر کو دونوں کی شادی ہوگئی۔ جوڑے نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تصاویر شیئر کی ہیں۔ اطہر سفید شیروانی میں جبکہ مہرین قاضی لہنگے میں نظر آئیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر مہرین قاضی راجیو گاندھی کینسر انسٹی ٹیوٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں کام کر رہی ہیں۔ وہ میڈیکل کے شعبے سے لے کر فیشن انڈسٹری تک سرگرم رہتی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اطہر اور مہرین کافی عرصے سے ایک دوسرے کو ڈیٹ کر رہے تھے۔ مہرین نے برطانیہ اور جرمنی سے میڈیکل میں ڈگری حاصل کی ہے۔ مہرین کے انسٹاگرام پر 3.5 لاکھ سے زیادہ فالوورز ہیں۔
دوسری جانب آئی اے ایس اطہر عامر کی پہلی بیوی ٹینا ڈابی نے بھی طلاق کے بعد آئی اے ایس پردیپ گاونڈے سے شادی کر لی تھی ۔ پردیپ راجستھان کے محکمہ آثار قدیمہ کے ڈائریکٹر ہیں۔ ٹینا اور پردیپ دونوں راجستھان کیڈر میں تعینات ہیں۔
اطہر اور ٹینا ڈابی نے اپنی محبت کو شادی تک لے کر مذاہب کے درمیان دیوار کو توڑ ا تھا۔ گھر والوں کی رضامندی سے سال 2018 میں شادی ہوئی۔ شادی کے دوسرے سال ہی دونوں کے رشتے کو نظر لگ گئی۔ مسوری میں ٹریننگ کے دوران دونوں کے درمیان محبت پروان چڑھی اور ٹریننگ ختم ہونے کے بعد دونوں نے 2018 میں شادی کر لی۔ تاہم یہ شادی زیادہ دنوں تک نہ چل سکی اور ٹینا اور اطہر نے 2021 میں علیحدگی اختیار کر لی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔