’ہم لائے ہیں طوفان سے ڈگری نکال کے‘،ڈگری حاصل کرنے پر کنہیا کا بیان
پی ایچ ڈی مکمل ہونے کے بعد خوشی ظاہر کرتے ہوئے کنہیا نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’وائیوا پاس کرنے کی خوشی آپ سبھی سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ ان تمام لوگوں کاشکر گزار ہوں جنھوں نے جدوجہد میں میرا ساتھ دیا۔‘‘
جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے سابق صدر کنہیا کمار نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اپنی پی ایچ ڈی مکمل ہونے کی خبر دی ہے اور ساتھ ہی ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے ہر برے وقت میں ان کا ساتھ دیا۔ اپنے ٹوئٹ میں کنہیا کمار نے اسمائیلی لگاتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ہم لائے ہیں طوفان سے ڈگری نکال کے‘‘۔ دراصل کنہیا کمار دہلی کی مشہور و معروف جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں 9 فروری 2016 میں ملک مخالف نعرہ لگانے کے معاملے میں تنازعہ کا شکار ہوئے تھے۔ اس کے بعد سے کئی مواقع پر انھیں مختلف طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا اور اسی لیے انھوں نے ایک ہندی گانے کی لائن استعمال کرتے ہوئے اپنی ڈگری کو ’طوفان سے نکال کر لانے‘ کے مترادف قرار دیا۔
بہر حال، ٹوئٹ میں کنہیا کمار نے پی ایچ ڈی مکمل ہونے پر اپنی خوشی ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’آج اپنی پی ایچ ڈی تھیسس کاوائیوا پاس کرنے کی خوشی آپ سبھی سے شیئر کرنا چاہتا ہوں۔ ان تمام لوگوں کا شکر گزار ہوں جنھوں نے جدوجہد میں میرا ساتھ دیا۔ اب باضابطہ طور پر میں ڈاکٹر کنہیا کمار ہوں۔‘‘
اس سے قبل اگست 2018 میں کنہیا کمار نے پی ایچ ڈی کے لیے تھیسس مکمل کر لی تھی۔ اپنی تھیسس مکمل کرنے کے بعد انھوں نے آبائی گاؤں پہنچ کر اسے ماں کو بھینٹ کی تھی۔ اس بارے میں بھی انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’غریبی کو خوابوں کی راہ میں رخنہ نہیں بننے دینے والی میری ماں کو آج اپنی تھیسس بھینٹ کرنے کے بعد ہی مجھے پی ایچ ڈی مکمل کرنے کا احساس ہوا۔ یہ تھیسس ملک کی آئین کو سپرد ہے جو سبھی محروموں کو ’مواقع کی برابری‘ دیتا ہے اور سبھی کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی جو ہر چیز پر ٹیکس دیتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Feb 2019, 8:10 PM