سی بی آئی تنازعہ: ناگیشور راو معاملہ میں سماعت سے جسٹس سیکری نے بھی خود کو کیا الگ
سی جے آئی رنجن گوگوئی کے بعد جسٹس سیکری نے بھی خود کو اس عرضی پر سماعت سے الگ کر لیا ہے جس میں ناگیشور راو کو سی بی آئی کا عارضی ڈائریکٹر بنائے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔
سی بی آئی کے عارضی ڈائریکٹر ناگیشور راو سے جڑے معاملے کی سماعت سے جسٹس اے کے سیکری نے بھی خود کو الگ کر لیا ہے۔ اس سے پہلے چیف جسٹس رنجن گوگوئی نے خود کو اس کیس سے الگ کر لیا تھا۔ جسٹس اے کے سیکری کی صدارت والی بنچ نے معاملے کی سماعت جمعہ کے لیے لسٹیڈ کر رکھا ہے۔ اب دوسری بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔
جسٹس اے کے سیکری کو آج اس معاملہ میں سماعت کرنی تھی۔ لیکن جیسے ہی معاملہ سماعت کے لیے آیا تو انھوں نے اپنے آپ کو اس سماعت سے الگ کر لیا۔ جسٹس سیکری نے غیر سرکاری ادارہ 'کامن کاوز' کی جانب سے پیش سینئر وکیل دشینت دَوے کو بتایا کہ وہ اس معاملے کی سماعت نہیں کرنا چاہتے اور خود کو اس سے الگ کر رہے ہیں۔ سماعت کے دوران انھوں نے کہا کہ آپ میری حالت سمجھتے ہیں، میں اس معاملے پر سماعت نہیں کر سکتا۔ قابل ذکر ہے کہ جسٹس سیکری سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو عہدہ سے ہٹانے والی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا حصہ تھے۔
وکیل دَوے نے عدالت میں کہا کہ آج سلیکٹ کمیٹی کی میٹنگ ہونی ہے، اس لیے اگر آج معاملہ نہیں سنا گیا تو یہ بے حد مایوس کن ہوگا۔ دَوے نے مزید کہا کہ "اس سے کافی مایوسی ہو رہی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ جج اس معاملے کی سماعت کرنا ہی نہیں چاہتے ہیں۔ پہلے سی جے آئی نے خود کو الگ کر لیا تھا اور اب جسٹس سیکری بھی خود کو معاملے کی سماعت سے الگ کر رہے ہیں۔" اس عرضی کو ایک این جی او نے سپریم کورٹ میں داخل کی ہے جس میں ناگیشور راو کو سی بی آئی کا عارضی ڈائریکٹر مقرر کیے جانے کی مخالفت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس معاملے کی سماعت جسٹس سیکری سے قبل سی جے آئی رنجن گوگوئی کو کرنی تھی لیکن سی جے آئی نے پیر کے روز خود کو اس کیس سے الگ کر لیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ انھیں 24 جنوری کو ہونے والی سی بی آئی کے نئے ڈائریکٹر کو انتخاب کرنے والی میٹنگ میں حصہ لینا ہے اس لیے وہ اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتے۔
غور طلب ہے کہ گزشتہ سال 23 اکتوبر کو مرکزی حکومت نے سی بی آئی کے دو بڑے افسران پر بدعنوانی کا الزام لگنے کے بعد انھیں جبراً چھٹی پر بھیج دیا گیا تھا۔ سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کی جگہ ناگیشور راو کو عارضی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے آلوک ورما کو راحت ملی اور انھوں نے دوبارہ ذمہ داری سنبھالی، لیکن اس کے ٹھیک بعد اعلیٰ سطحی کمیٹی نے انھیں سی بی آئی ڈائریکٹر عہدہ سے پھر ہٹا دیا۔ اس کے بعد ناگیشور راو کو دوبارہ عارضی ڈائریکٹر مقرر کیا گیا۔ اس تقرری کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔