طویل انتظار کے بعد دہلی-این سی آر میں مانسون کی آمد، کئی علاقوں میں بھاری بارش

قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں مانسون کا طویل انتظار منگل کے روز اختتام کو پہنچا اور متعدد علاقوں میں لوگوں نے راحت کی سانس لی

مانسون کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
مانسون کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں مانسون کا طویل انتظار منگل کے روز اختتام کو پہنچا اور متعدد علاقوں میں لوگوں نے راحت کی سانس لی۔ دہلی میں دوارکا سمیت میں بارش ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ فرید آباد اور گڑگاؤں میں بھی شارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات نے اگرچہ منگل کی صبح دہلی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش کی پیش گوئی کی تھی، تاہم مانسون کے حوالہ سے اس کی پیش گوئی کئی مرتبہ غلط ثابت ہو چکی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ محکمہ موسمیات نے اب مانسون کی نئی تاریخ بتانے سے گریز کیا۔ قبل ازیں، جولائی کے وسط میں بھی مانسون نہ پہنچنے کے حوالہ سے محکمہ موسمیات حیران تھا۔ محکمہ کا اس حوالہ سے کہنا تھا کہ ریاضی ماڈل کا اس قدر ناکام ہو جانا غیر معمولی بات ہے اور ایسا نادر ہی نظر آتا ہے۔


قبل ازیں، محکمہ موسمیات نے ٹوئٹ کیا تھا ’’دہلی، این سی آر (بہادرگڑھ، گڑگاؤں، فرید آباد، لونی دہات، نوئیڈا) کے بیشتر مقامات اور ان سے ملحقہ علاقوں میں ہلکی سے معتدل شدت والی بارش ہو سکتی ہے اور 20-40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ گوہانا، سونی پت، روہتک ( ہریانہ)، کھیکڑا (یوپی) میں اگلے دو گھنٹوں کے اندر بارش ہونے کا امکان ہے۔‘‘

آئی ایم ڈی (محکمہ موسمیات) کا کہنا ہے کہ مانسون دہلی کے ہمسایہ یوپی، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان کے بیشتر علاقوں میں فعال ہو چکا ہے۔ دہلی میں مانسون کی آمد کے لئے حالات سازگار ہیں۔ شمالی ہندوستان کے بیشتر علاقوں سمیت مانسون تقریباً پورے ہندوستان مٰں سرگرم ہو چکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔