وقفہ کے بعد ’بھارت جوڑو یاترا‘ پھر شروع، راہل گاندھی سمیت دیگر یاتریوں نے تلنگانہ کے نارائن پیٹ سے شروع کیا سفر

کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاتراُ کا تلنگانہ مرحلہ 3 روزہ وقفہ کے بعد نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے دوبارہ شروع ہو گیا، صدر راہل گاندھی اور دیگر بھارت یاتریوں کی یاترا کے تلنگانہ مرحلہ کا یہ دوسرا دن ہے

بھارت جوڑو یاترا / ٹوئٹر
بھارت جوڑو یاترا / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: انڈین نیشنل کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کا تلنگانہ مرحلہ تین روزہ وقفہ کے بعد جمعرات کو نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل سے دوبارہ شروع ہو گیا۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی اور دیگر بھارت یاتریوں کی یاترا کے تلنگانہ مرحلہ کا یہ دوسرا دن ہے۔

نئی دہلی سے لوٹنے کے بعد حیدرآباد کے راستہ بدھ کو دیر رات گئے مکتھل پہنچے کانگریس رکن پارلیمنٹ نے دیگر پارٹی لیڈران اور سینکڑوں کارکنان کے ساتھ صبح کے وقت پیدل مارچ شروع کیا۔ دریں اثنا، عوام کی جانب سے یاتریوں کا والیہانہ استقبال کیا گیا۔ یاترا کے تئیں عوام کے جوش و خروش میں اضافہ ہو رہا ہے۔


راہل گاندھی نے یاترا کے دوران جگہ جگہ عوام سے ملاقات کی اور کئی مقامات پر کسانوں اور مزدوروں سے مل کر ان کا حال جانا۔تلنگانہ کانگریس کے صدر ریونت ریڈی، تلنگانہ میں کانگریس امور کے انچارج مانکیم ٹیگور، پارٹی کے دیگر لیڈران اتم کمار ریڈی، بھٹی وکرامارکا، پونم پربھاکر، مہیش کمار گوڑ راہول پدایاترا کے ساتھ ہیں۔

یاترا 23 اکتوبر کو کرشنا ندی کو پار کرتے ہوئے کرناٹک سے تلنگانہ میں داخل ہوئی تھی۔ یاترا کو دیوالی اور نومنتخب کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے کی حلف برداری تقریب کے لئے تین دن کے لئے روک دیا گیا تھا۔ راہل گاندھی یکم نومبر کو حیدرآباد شہر میں داخل ہوں گے اور چارمینار میں قومی پرچم لہرائیں گے اور نکلیس روڈ پر ایک جلسہ سے خطاب کریں گے۔


راہل گاندھی مریکال منڈل کے ایلیگنڈلا میں رات قیام کریں گے۔ ان کی بھارت جوڑو یاترا تلنگانہ میں 16 دنوں تک جاری رہے گی۔ 19 اسمبلی اور 7 پارلیمانی حلقوں میں جملہ 375 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔ تلنگانہ میں یاترا کے حصہ کے طور پر کئی مقامات پر جلسوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ روزانہ اوسطاً 20 سے 25 کلومیٹر راہل گاندھی پیدل چل رہے ہیں۔ یاترا تلنگانہ میں 7 نومبر تک چلے گی اور 4 نومبر کو ایک روزہ وقفہ رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔