4 ملی ٹینٹس کی ہلاکت کے بعد پلوامہ اور شوپیاں میں مکمل ہڑتال، معمولات زندگی مفلوج
پیر کی صبح سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ 4 افراد کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی ضلع میں مکمل ہڑتال ہوئی، تمام دکان ودیگر کاروباری سرگرمیاں بند اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی رک گئی۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ اور ضلع شوپیاں میں پیر کے روز مکمل ہڑتال کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ پلوامہ کے لاسی پورہ علاقے میں پیر کی صبح سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ چار مقامی ملی ٹنٹوں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی ضلع میں مکمل ہڑتال ہوگئی، تمام دکان ودیگر کاروباری سرگرمیاں بند اور ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بھی رک گئی۔
ایک پولس عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ جنوبی کشمیر کے کسی بھی علاقے میں کسی قسم کی پابندیاں عائد نہیں کی گئی ہیں تاہم امن وقانون کی بحالی کے لئے بعض حساس علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے۔ ادھر ضلع شوپیاں میں سال گذشہ فورسز کی فائرنگ سے جان بحق ہوئے چار شہریوں کی پہلی برسی کے موقع پر مکمل ہڑتال رہی۔
واضح رہے کہ سال گذشتہ جنوبی کشمیر میں تین الگ الگ مقامات پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم آرائیوں میں 13 ملی ٹنٹ مارے گئے تھے بعد ازاں ضلع شوپیاں میں سیکورٹی فورسز اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپوں میں سیکورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں چار عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔ یو این آئی کوموصولہ اطلاعات کےمطابق ہڑتال کی وجہ سے ضلع میں سرکاری دفاتر، بنکوں اور تعلیمی اداروں میں کام کاج متاثر رہا۔ دریں اثنا حکام نے ڈگری کالج ترال میں درس وتدریس کا عمل بنا بر احتیاط معطل رکھنے کا فیصلہ لیا تھا۔
دریں اثنا سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پرممکنہ احتجاجوں کی روک کے لئے سیکورٹی کے بندوبست کوسخت کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان شبانہ تصادم آرائی میں لشکر طیبہ نامی تنظیم سے وابستہ چار ملی ٹنٹ ہلاک جبکہ تین فوجی اہلکار اور ایک پولس اہلکار زخمی ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔