’بالآخر 23 سال بعد مجھے انصاف مل ہی گیا‘

سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی جواہر یادو عرف پنڈت قتل معاملہ میں پیر کے روز عدالت نے کروریا بھائیوں سمیت چار ملزموں کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے ان پر7 لاکھ 20 ہزار روپئے کا جرمانہ بھی لگایا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پریاگ راج کی ایک عدالت نے سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی جواہر یادو عرف پنڈت کے قتل معاملہ میں کروریا بھائیوں سمیت چار ملزموں کو پیر کے دن عمر قید کی سزا سناتے ہوئے ان پر7 لاکھ 20 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا۔ 23 سال بعد ملے اس انصاف سے جواہر یادو کی بیوہ وجما یادو کافی خوش ہیں۔ انھوں نے عدالت کے فیصلہ کے بعد میڈیا سے کہا کہ ’’آخر کار 23 سال بعد مجھے انصاف مل ہی گیا۔‘‘

وجما یادو نے یواین آئی سے بات چیت میں کہا کہ عدالت پر انہیں پورا یقین تھا۔ عدالت سے انصاف ملنے میں دیر ہوسکتی ہے لیکن ناانصافی نہیں ہوسکتی۔عدالت نے 23 سال بعد ان کے شوہر کے قاتلوں کو سزا دے کربے سہارا افراد میں امید کی کرن پیدا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 سال چلی اس لمبی قانونی لڑائی کےبعد آج فیصلے کا بےصبری سے انتظار رہا۔ عدالت نے جیسے ہی قتل کے قصورواروں کروریا بھائیوں سمیت چار ملزموں کو عمر قید کی سزا سنائی۔یہ سن کے ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو چھلک پڑے۔


23سالوں تک چلی قانونی لڑائی کو ذکر کرتے ہوئے وجما یادو کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔انہوں نے کہا کہ شوہر کے قاتلوں کے خلاف لمبی لڑائی لڑی ہے۔ 23 سال کوئی کم مدت نہیں ہوتی۔اس مدت میں انہوں نے امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑا ، انہیں عدالت پر پورا بھروسہ تھا کہ فیصلہ آنے میں بھلے ہی تاخیر ہو لیکن قصورواروں کو سزا ضرور ملے گی۔

وجما یادو نے کہا کہ جب ریاستی حکومت نے کروریا بھائیوں کے اوپر سے مقدمے کو واپس لیا تھا اس وقت ان کو بہت تکلف ہوئی تھی۔ جس کی انہوں نے مخالفت کی اور ہار نہ مانتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ آج عدالت نے ان کی لمبی لڑائی کا انجام تک پہنچا دیا۔


واضح رہے کہ خصوصی عدالت کے اڈیشنل سیشن جج(پنجم) بدری وشال پانڈے نے ملزم فریق کروریا بھائیوں اور حکومت کے وکلاء کی جرح سننے کے بعد آج اپنا فیصلہ سنایا۔ ایس پی رکن اسمبلی جواہر یادو عرف پنڈت کی 23 سال قبل ہوئے قتل کے معاملے میں عدالت نے 31 اکتوبر کو فیصلہ سناتے ہوئے کروریا بھائیوں کپل منی کروریا(سابق رکن پارلیمان)،ادے بھان کروریا(سابق رکن پارلیمان،ممبر اسمبلی)،سورج بھان کروریا(سابق ایم ایل سی)اور رام چندر ترپاٹھی عرف کلّو کومختلف دفعات میں قصووار قرار دیا تھا۔

عدالت نے اس دن سزا کے نکات پر سماعت کےلئے 4 نومبر کی تاریخ طے کی تھی۔ عدالت نے دونوں فریق کو سننے کے بعد کروریا بھائیوں سمیت چار ملزموں کو عمر قید کی سزا کے ساتھ 7 لاکھ 20 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ سبھی ملزموں کو دفعہ 302،307،147،اور 148 کے تحت عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔دفعہ 302 کے تحت ایک ۔ایک لاکھ روئے جرمانہ، دفعہ 307 کے تحت 50۔50 ہزار روپئے اور دفعہ 17 کے تحت 10۔10 ہزار روپئے اور دفعہ 147 کے تحت 20۔20 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے کے دوران استغاثہ کی جانب سے 18 گواہ جبکہ ڈیفینس کی جانب سے 156 گواہ پیش کیےگئے۔معاملے کی سماعت 2014 سے لگاتار چل رہی تھی۔


قابل ذکر ہے کہ 13 اگست 1996 کی شام سول لائنس میں ایس پی رکن اسمبلی جواہر یادو عرف پنڈت،ڈرائیور گلاب یادو اور کمل کمار دکشت(راہ گیر) کا اے کے 47 سے گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس حادثے میں پنکج کمار شریواستو اور کلن یادو کو بھی چوٹیں آئی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔