افروزل کے قاتل شمبھو کو الیکشن لڑوانے کی کوشش

مقتول افروزل کے قتل کو حق اورقاتل ریگر کو ہندو سورما ثابت کرنے کی جو کوشش روز اول سے شروع کی گئی تھی اب اس نے شدت اختیار کر لی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: راجستھان میں ایک جنونی بھگوادھاری شمبھو ناتھ ریگر نے جس بے قصور افروزل کو کیمرے کے سامنے قتل کیا تھا اب اسی قاتل کے لئے چندہ مانگا جا رہا ہے۔مقتول افروزل کے قتل کو حق اورقاتل ریگر کو ہندو سورما ثابت کرنے کی جو کوشش روز اول سے جاری تھی اب اس نے شدت اختیار کر لی ہے۔کچھ نام نہاد لوگوں اور اداروں نے ریگر کو راجستھان سے الیکشن لڑوانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے حق میں ایک مہم سوشل میڈیا پر چھیڑ دی ہے۔ اس مہم میں شمبھو کو الیکشن کے میدان میں اتارنے کےلئے چندے کی مہم شدت سے جاری ہے۔ چندے کی اس مہم کے لئے امت جانی نام کا شخص پیش پیش ہے ،یہ وہی امت جانی ہے جنہوں نے بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ اور یو پی کی سابق وزیر اعلی مایاوتی کے مجسمہ کی گردن زدنی کی تھی۔

امت جانی کا تعلق میرٹھ سے ہے اور کچھ دن پہلےاس نے تاج محل میں ہنومان چالیسہ پڑھنےکا علان کیا تھا جس کے لئے وہ ایک مجمع کے ساتھ تاج محل جانا بھی چاہتاتھا مگر پولس نے اس کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی۔یہ بات دیگر ہے کہ اس کے ذریعہ گمراہ کیے گئے چند نوجوان تاج محل میں داخل بھی ہوگئے،جنھیں بعد میں پولس نے نکال باہر کیا تھا۔

امت جانی ایک زمانے میں شیو پال یادو کے مقرب خاص تھا اور اس نے سماجوادی پارٹی میں ہوئی گھریلو جنگ کے دوران ملائم سنگھ یادو کے چھوٹے بھائی شیو پال یادوکی حمایت کی تھی۔

سر دست امت جانی اتر راجیہ نو نرمان سینا کا صوبائی صدر ہے ۔

امت جانی نے میرٹھ میں کشمیریوں، یو پی چھوڑو کے نعرے والے پوسٹروں کو بھی چسپاں کیا تھا جس کی وجہ سے میرٹھ میں تناؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی تھی ، جس کے سبب اس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ریگر کو الیکشن لڑوانے کے لئے چندہ مانگنے والے امت جانی نے لکھا ہے کہ’’ راجستھا ن میں تیزی سے سر اٹھا رہی جہادی طاقتوں کو منھ توڑ جواب دینے اور شمبھو ناتھ ریگر کے لئے الیکشن کا ماحول تیار کرنے کے لئے راجستھان کے 33 اضلاع میں شاندار ہندو سوابھمان رتھ یاترا لےکر جا رہا ہوں۔مہربانی کر کے رتھ یاترا کے لئے مالی تعاون دےکر ہندوؤں کے اس مہا یگیہ میں آہوتی دیں۔یاد رکھیے تعاون کے بغیر کوئی یدھ(جنگ) لڑنا مشکل ہی نہیں نا ممکن بھی ہے۔“

امت جانی نےاپنے سینڈیکیٹ بینک اور پے ٹی ایم کا نمبر بھی دیا ہے تاکہ چندے کی رقوم اس میں جمع کی جاسکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔