ایڈوکیٹ مجید میمن این سی پی سے مستعفی، سیاست سے کنارہ کشی نہیں
مجید میمن کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفی دے رہے ہیں تاہم انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی یا کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا
ممبئی: نامور قانون داں اور سابق رکن پارلیمنٹ ایڈوکیٹ مجید میمن نے آج یہاں نشنلیسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی ) کی ابتدائی رکنیت سے استعفی دے دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ذاتی وجوہات کی بناء پر استعفی دے رہے ہیں تاہم انہوں نے سیاست سے کنارہ کشی یا کسی دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا کوئی اشارہ نہیں دیا۔
اطلاعات کے مطابق مجید میمن نے گزشتہ شام این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے ملاقات کی تھی اور اس کے بعد انہوں نے استعفی دیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر پر استعفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شرد پوار کے ممنون و مشکور ہیں جنہوں نے 16 برسوں تک انہیں پارٹی میں عزت بخشی۔ نیز وہ شردپوار کا تہہ دل سے احترام کرتے ہیں۔
مجید میمن نے ٹوئٹر پر لکھا ’’میں این سی پی کے سربراہ شرد پوار کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے این سی پی کے ساتھ میرے 16 سالوں کے دوران مجھے عزت اور انمول رہنمائی فراہم کی۔ ذاتی وجوہات کی بناء پر میں فوری طور پر این سی پی کی رکنیت سے دستبردار ہو رہا ہوں۔ میری نیک تمنائیں ہمیشہ پوار صاحب اور پارٹی کے ساتھ ہیں۔‘‘
مجید میمن نے ان خبروں پر بھی وضاحت کی کہ وہ بی جے پی یا عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت انہوں نے این سی پی سے استعفی دیا ہے۔ مستقبل کے لایحہ عمل کے بارے میں بعد میں اعلان کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔