آدتیہ ٹھاکرے نے ٹی ڈی پی اور جنتا دل یو کو دیا ’خاص مشورہ‘، بی جے پی پر عائد کیا سنگین الزام

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آدتیہ ٹھاکرے نے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں دعویٰ کیا کہ جس وقت بی جے پی حکومت بنائے گی، وہ این ڈی اے میں شامل پارٹیوں کو توڑنے کی بھی کوشش کرے گی۔

آدتیہ ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
آدتیہ ٹھاکرے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ایک طرف این ڈی اے حکومت سازی کی تیاریوں میں مصروف ہے، دوسری طرف بی جے پی مخالف پارٹیاں انڈیا بلاک کو مضبوط کرنے میں لگی ہوئی ہیں۔ کچھ لیڈران جنتا دل یو اور ٹی ڈی پی سے گزارش کر رہے ہیں کہ وہ این ڈی اے چھوڑ کر انڈیا بلاک میں شامل ہو جائیں اور ایک ایسی حکومت تشکیل دیں جو عوام کے حق میں کام کرے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے بھی اس تعلق سے اپنا نظریہ جنتا دل یو اور ٹی ڈی پی کے سامنے رکھا ہے۔

دراصل آدتیہ ٹھاکرے نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ مرکز میں این ڈی اے کی اگلی حکومت بنانے کے لیے ٹی ڈی پی اور جنتا دل یو کو لوک سبھا اسپیکر عہدہ حاصل کرنے پر زور دینا چاہیے۔ ’ایکس‘ پر ٹھاکرے نے دعویٰ کیا ہے کہ جس وقت بی جے پی حکومت بنائے گی، وہ اپنے ساتھیوں کی پارٹیوں کو توڑنے کی کوشش کرے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ این ڈی اے کے نئے ساتھیوں سے پرخلوص گزارش ہے کہ وہ لوک سبھا اسپیکر کا عہدہ طلب کریں۔


اس درمیان آدتیہ ٹھاکرے نے بغیر نام لیے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ شیوسینا اور این سی پی کی طرح پھوٹ پڑ سکتی ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر ٹی ڈی پی اور جنتا دل یو کے ہینڈل کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے کارناموں کا تجربہ کرنے کے بعد، جیسے ہی وہ آپ کے ساتھ حکومت بنائیں گے، وہ وعدے توڑ دیں گے اور آپ کی پارٹیوں کو بھی توڑنے کی کوشش کریں گے۔ آپ نے پہلے بھی اس کا تجربہ کیا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔