وزیر اعظم مودی جواب دیں کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا کو کیوں لوٹا؟: آدتیہ ٹھاکرے کا حملہ

شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے دعویٰ کیا کہ مہاراشٹر کے لوگ بی جے پی کو مسترد کر دیں گے اور صرف مہاوکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو ہی قبول کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کی مہم اپنے عروج پر ہے۔ پارٹی اور حزب اختلاف  کے درمیان زبانی حملے تیز ہوگئے ہیں۔ دریں اثنا، ادھو ٹھاکرے کے بیٹے اور شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے وزیر اعظم نریندر پر شدید حملہ کیا ہے اور بی جے پی پر مہاراشٹر کو لوٹنے کا الزام لگایا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ریاست میں مہا وکاس اگھاڑی کی حکومت بنانے کا دعویٰ بھی کیا۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر، شیو سینا (یو بی ٹی) کے رہنما آدتیہ ٹھاکرے نے ناسک میں کہا، "وزیر اعظم  نریندر مودی جی کو مہاراشٹر کی ترقی کے بارے میں بات کرنی چاہیے۔ مہاراشٹر کے لیے بنائی گئی کمپنیوں کو گجرات کیوں لے جایا گیا؟ مودی جی کو اس کا بھی جواب دینا چاہیے۔‘‘


انہوں نے مزید کہا کہ مہاراشٹر کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ مہا وکاس اگھاڑی جیتے گی۔ تاریخ کے اوراق میں الجھنے کے بجائے وزیر اعظم مودی جواب دیں کہ بی جے پی نے مہاراشٹرا کو کیوں لوٹا؟ ہوسکتا ہے کہ وہ تاریخ کے صفحات میں مصروف ہوں، لیکن مہاراشٹر مستقبل کی طرف دیکھ رہا ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر کے بارے میں بری طرح سوچتی ہے۔ مہاراشٹر بی جے پی کو مسترد کر دے گا، وہ صرف ایم وی اے  یعنی مہا وکاس اگھاڑی کو قبول کرے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے 8 اکتوبر کو مہاراشٹر کے دھولے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا تھا اور  اس دوران انہوں نے مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو شدید نشانہ بنایا تھا ۔ انہوں نے کہا، "مہاوکاس اگھاڑی کی گاڑی میں نہ تو پہیے ہیں اور نہ ہی بریک، لیکن ڈرائیور کے لیے لڑائی جاری ہے۔"


لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، '' مہایوتی کے ہر امیدوار کو آپ کے آشیرواد کی ضرورت ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ مہاراشٹر کی ترقی نے گزشتہ ڈھائی سالوں میں جو رفتار حاصل کی ہے اسے رکنے نہیں دیا جائے گا۔ اگلے پانچ  سال مہاراشٹر کی ترقی کو ایک نئی بلندی پر لے جائیں گے۔ مہاراشٹر کو جس گڈ گورننس کی ضرورت ہے صرف مہایوتی حکومت ہی فراہم کر سکتی ہے۔‘‘  واضح رہے کہ مہاراشٹر کی تمام 288 اسمبلی سیٹوں پر 20 نومبر کو ووٹنگ ہے، جب کہ ووٹوں کی گنتی 23 نومبر کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔