دہلی حکومت کی مشکلات میں اضافہ، ایل جی نے اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا حکم دیا
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ نے سرکاری اسپتالوں میں ادویات کی خریداری کے معاملے کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی تحقیقات) سے تحقیقات کا حکم دیا ہے
نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات سے عین قبل دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت کی مشکلات میں کمی کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے سکسینہ نے ایک اور معاملے میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی انویسٹی گیشن) کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے اطلاع دی گئی کہ ایل جی نے دہلی حکومت کی جانب سے اسپتالوں کے لیے خریدی گئی دوائیوں کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ الزام ہے کہ عآپ حکومت کے سرکاری اسپتالوں نے بے ترتیب طریقہ سے ادویات خریدیں۔ یہ ادویات سرکاری اور نجی ٹیسٹنگ لیبارٹریوں میں ٹیسٹ کے دوران فیل پائی گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی این این آئی کے ٹوئٹ کے مطابق ایل جی نے یہ احکامات وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال حکومت کی طرف سے خریدی گئی غیر مستند ادویات کے حوالے سے دیے ہیں۔ ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لوگوں کی شکایات کی بنیاد پر عآپ حکومت نے اسپتالوں کے لیے بے ترتیب طریقے سے ادویات کی خریداری کی تھی۔
خیال رہے کہ کچھ دن پہلے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں سی ایم اروند کیجریوال کو تیسری مرتبہ سمن کیا ہے۔ ای ڈی نے سی ایم کو اس معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے دفتر میں حاضر ہونے کو کہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال ای ڈی کے پہلے دو سمن کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے یہ واضح کریں کہ ای ڈی کس حیثیت میں مجھے پوچھ گچھ کے لیے بلانا چاہتی ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال فی الحال پنجاب کے ہوشیار پور میں مراقبہ میں مصروف ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔