اڈانی-امبانی کو لاکھوں کروڑ کا لون دیا جاتا ہے، کسان، دلت، آدیواسی کو جوتا مارا جاتا ہے! راہل گاندھی کا مودی حکومت پر حملہ
بھارت جوڑو یاترا یاترا کی قیادت کر رہے راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر مرکز کی مودی حکومت اور بی جے پی پر حملہ بولا۔ انہوں نے عوام کو ذات پر مبنی مردم شماری کو اپنا ہتھیار بنا لینے کا مشورہ دیا
الہ آباد: کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا الہ آباد (پریاگراج) پہنچ چکی ہے اور یاترا کی قیادت کر رہے راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر مرکز کی مودی حکومت اور بی جے پی پر حملہ بولا۔ انہوں نے عوام سے ذات پر مبنی مردم شماری کو اپنا ہتھیار بنا لینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پسماندہ طبقات کی کوئی فکر نہیں ہے اور وہ صرف اور صرف امیروں کی ترقی میں مصروف ہے۔ راہل گاندھی بھارت جوڈو نیائے یاترا کے دوران الہ آباد کے لکشمی ٹاکیز چوراہے پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کیا۔
راہل گاندھی نے عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہا، ’’یہ سوال کریں کہ 73 فیصد لوگوں کے پاس کتنی دولت ہے اور ان کے کتنے اختیارات ہیں؟ یہ ملک کا ایکس-رے ہے۔ اس ملک میں پسماندہ طبقات کے لیے انصاف نہیں ہے، صرف دھوکہ ہے۔ دلت اور او بی سی کا کچھ نہیں ہے۔ آپ کو بھڑکایا جا رہا ہے۔ آپ نے رام مندر کی تقریب دیکھی ہوگی، اس میں ایک بھی دلت، او بی سی یا آدیواسی نہیں تھا۔ وہاں مودی، ایشوریا اور امیتابھ تھے۔
راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’وہ نہیں چاہتے کہ آپ آگے بڑھیں۔ پیپر لیک کر کے آپ کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اڈانی کون سی ذات کے ہیں؟ کسان دلت اور قبائلی جب قرض مانگتے ہیں تو وہ انہیں جوتا مار کر باہر کر دیتے ہیں۔ اڈانی امبانی کو لاکھوں کروڑوں کا قرض دیتے ہے۔ پرائیویٹ کالجوں اور اسپتالوں میں دلت، قبائلی او بی سی نہیں ہیں۔ آپ بیدار ہو جائیں، کھڑے ہو جائیں۔ انہوں نے آپ کی طاقت چھیننے کے لیے طلبہ یونین کے انتخابات پر روک لگا دی، تاکہ چوری کر سکیں!‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔