متھن چکرورتی بی جے پی میں شامل، ‘میں پانی کا سانپ نہیں کوبرا ہوں!‘
حال ہی میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کے بعد سے متھن کے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، اتوار کے دن انہوں نے باضابطہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی
کولکاتا: بنگال کے اسمبلی انتخابات کی تشہیر کے لیے بنگال دورے پر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز کولکاتا کے بریگیڈ پریڈ میدان پر جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس جلسہ میں معروف اداکار متھن چکرورتی نے بھی شرکت کی۔ اس دوران متھن نے بی جے پی میں شمولیات اختیار کر لی۔
متھن چکروتی وزیر اعظم نریندر مودی کے جلسہ عام سے خطاب سے کافی دیر پہلے بریگیڈ میدان پہنچ گئے اور ان کی موجودگی میں ہی وزیر اعظم مودی نے لوگوں سے خطاب کیا۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بریگیڈ پریڈ میدان میں متھن چکروری نے کہا، ’’کوئی آپ کا حق چھینے گا تو ہم اس کے خلاف کھڑے ہوں گے۔‘‘
متھن نے کہا، ’’آج کا دن میرے لیے خوااب کی طرح ہے۔ اتنے بڑے لیڈران کے ساتھ میں اسٹیج کا اشتراک کروں گا، یہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا۔‘‘ ممتا بنرجی کا نام لیے بغیر باہری بمقابلہ بھیتری کا جواب دیتے ہوئے متھن چکروتی نے کہا کہ بنگال میں رہنے والا ہر کوئی بنگالی ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’میں غریبوں کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ غریبوں کے لیے کام کرنا میرا خواب ہے۔ میں جو بولتا ہوں وہ کرتا ہوں، میں پانی کا سانپ نہیں کوبرا ہوں۔‘‘
متھن چکروری نے گزشتہ 16 فروری کو ممبئی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی تھی۔ جس کے بعد ان کے بی جے پی میں جانے کے حوالہ سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ اب وزیر اعظم مودی کی ریلی میں ان کے ساتھ اسٹیج کا اشتراک کرنے کے ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی کا دامن بھی تھام لیا۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا ضابطوں پر عمل نہ کرنے پر سختی برتنی پڑے گی: گہلوت
متھن چکروتی کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد یہ صاف ہو گیا ہے کہ وہ پارٹی کے حق میں تشہیر کاری کریں گے۔ متھن چکرورتی کے سیاسی سفر کی یہ دوسری اننگ شروع ہوئی ہے، اس سے قبل وہ ترنمول کانگریس کے کوٹے سے اپریل 2014 میں راجیہ سبھا بھیجے گئے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔