اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی سرگرمیاں تیز، دہلی میں ہوئی میٹنگ

یکساں سول کوڈ نافذ کرنے سے متعلق رپورٹ تیار کرنے کے لیے تشکیل کمیٹی کی چیئرپرسن رنجنا دیسائی نے میٹنگ کے بعد جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی یا دہرادون میں دوسری میٹنگ 14 یا 15 جولائی کو ہو سکتی ہے۔

وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
وزیر اعلیٰ اتراکھنڈ پشکر سنگھ دھامی / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کافی پہلے کہہ چکے ہیں کہ وہ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے سے متعلق بہت سنجیدہ ہیں۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ اس سلسلے میں دہلی میں پہلی میٹنگ ہوئی ہے۔ میٹنگ کے بعد کمیٹی کی چیئرپرسن رنجنا دیسائی نے کہا کہ اس میٹنگ میں صرف بنیادی ایشوز پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس دوران اس کے اثرات، دائرے اور آئینی و قانونی پہلوؤں پر بات چیت ہوئی۔

رنجنا دیسائی نے میٹنگ کے بعد جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دہلی یا دہرادون میں دوسری میٹنگ 14 یا 15 جولائی کو ہو سکتی ہے۔ اتراکھنڈ سے دہلی پہنچے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ ابھی تو پہلی میٹنگ ہوئی ہے، لہٰذا کب تک کمیٹی کی کارروائی پوری ہوگی اور رپورٹ کب سونپی جائے گی اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ کیے جانے سے متعلق کارروائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کی چیئرپرسن رنجنا دیسائی ہیں، اور ان کے علاوہ پانچ دیگر اراکین اس کمیٹی میں شامل ہیں۔


اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ دھامی کا کہنا ہے کہ کمیٹی کم سے کم وقت میں رپورٹ دینے کی کوشش کرے گی اور پھر اس رپورٹ کو اتراکھنڈ کی عوام کے سامنے رائے پیش کرنے کے لیے رکھا جائے گا۔ اتراکھنڈ میں یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کے لیے سبھی قانونی کارروائی پوری کی جائے گی۔ اس درمیان دھامی نے اپوزیشن کے سماج کو تقسیم کرنے سے متعلق الزامات پر کہا کہ جنھوں نے 60 سال بانٹ بانٹ کر راج کیا وہ اب ایسی باتیں نہ کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔