خاتون سے بدسلوکی کرنے والے لیڈر شری کانت تیاگی پر کارروائی، نوئیڈا اتھارٹی نے چلایا بلڈوزر

اتر پردیش میں نوئیڈا اتھارٹی کی ٹیم نے اومیکس سوسائٹی میں خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے لیڈر شری کانت تیاگی کی غیر قانونی تعمیر پر انہدامی کارروائی شروع کر دی ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نوئیڈا: اومیکس سوسائٹی میں خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے لیڈر شری کانت تیاگی کی غیر قانونی تعمیر پر نوئیڈا اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی شروع کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کے مبینہ لیڈر تیاگی نے اپنے فلیٹ کے ارد گرد غیر قانونی تعمیرات کر رکھی تھیں۔

الزام ہے کہ ملزم سوسائٹی کا رکھ رکھاؤ کا چارج بھی ادا نہیں کرتا اور اپنے اثر و رسوخ سے اتھارٹی کے نوٹس کو بھی رکوا دیتا ہے۔ شری کانت تیاگی پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ پولیس کی 12 ٹیمیں اس کی تلاش میں گزشتہ 3 دنوں سے چھاپے مار رہی ہیں۔


سوسائٹی میں رہنے والے لوگ 2019 سے شری کانت تیاگی کی غیر قانونی تعمیر کی شکایت کر رہے تھے لیکن اس کے اثر و رسوخ کی بنا پر وہ قبضہ ہٹانے کو تیار نہیں تھا۔ لیکن آج جب تیاگی کی غیر قانونی تعمیر کو ہٹایا گیا تو سوسائٹی میں رہنے والی خواتین نے تالیاں بجا کر اتھارٹی کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا۔

خیال رہے کہ اتوار کی شام کئی افراد لاٹھی ڈنڈوں کے ساتھ گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں داخل ہو گئے اور شری کانت تیاگی کی حمایت میں نعرے بازی کرنے لگے۔ سوسائٹی کے باشندوں کا الزام ہے کہ ان نامعلوم لوگوں نے گارڈ کے ساتھ مار پیٹ کی اور سوسائٹی میں پتھراؤ کرتے ہوئے لوگوں کو مارنے کی دھمکی دی۔ ملزمین بار بار اس خاتون کا پتہ پوچھ رہے تھے جس کے ساتھ شری کانت تیاگی نے بدتمیزی کی تھی۔


سوسائٹی والوں نے اس ہنگامے کی خبر پولیس کو دی تو فوراً پولیس فورس نے وہاں پہنچ کر حالات کو سنبھالا۔ سوسائٹی کے لوگوں کا کہنا ہے کہ شری کانت تیاگی معاملے میں ایک میٹنگ کی جا رہی تھی جب تقریباً نصف درجن نامعلوم افراد ہاتھوں میں لاٹھی-ڈنڈے لیے گھس گئے۔ ملزمین نے سیکورٹی گارڈ کو غلط جانکاری دے کر سوسائٹی میں انٹری کی اور پھر ہنگامہ شروع کر دیا۔

مشتعل لوگوں نے اس کے بعد رکن پارلیمنٹ مہیش شرما کو فون کر ان کے وعدے کی یاد دلائی۔ دراصل مہیش شرما نے کہا تھا کہ وہ 48 گھنٹے کے اندر ملزم شری کانت تیاگی کو گرفتار کروائیں گے، اور اگر وعدہ پورا نہیں ہوا تو وہ بھی سوسائٹی والوں کے ساتھ دھرنے پر بیٹھیں گے۔ شری کانت تیاگی کی حمایت میں نعرے بازی کرنے والے ملزمین بھی بی جے پی لیڈران بتائے جا رہے ہیں۔ ایک ملزم کا نام لوکیندر تیاگی بتایا جا رہا ہے جو اس وقت پولیس کی گرفت میں ہے۔


دریں اثنا، مہیش شرما کی فون پر کی گئی بات چیت کی ایک ویڈیو وائرس ہو رہی ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ شرم آ رہی ہے کہ یہ سب ہماری حکومت کے دوران ہو رہا ہے!‘‘

واضح رہے کہ دو دن قبل بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تھی جس میں وہ نوئیڈا واقع گرینڈ اومیکس سوسائٹی کی ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرتے نظر آیا تھا۔ اس سلسلے میں پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور تلاش کی جا رہی ہے، لیکن ہنوز گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔