موسیٰ والا قتل معاملہ میں بیرون ملک کارروائی شروع، گینگسٹر لارنس بشنوئی کا بھانجا آذربائیجان سے گرفتار

بیرون ملک بیٹھ کر بشنوئی گینگ چلانے والے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھانجے سچن بشنوئی کو آذربائیجان سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ سدھو موسی والا کے قتل کے بعد سے تحقیقاتی ایجنسی اس کی تلاش میں تھی

سدھو موسیٰ والا کی فائل تصویر
سدھو موسیٰ والا کی فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سدھو موسی والا قتل کیس میں اب بیرونی ممالک میں بھی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔ گینگسٹر لارنس بشنوئی کے بھانجے سچن بشنوئی کو آذربائیجان سے گرفتار کیا گیا ہے۔ سچن بشنوئی لارنس کے گینگ کو بیرون ملک سے چلاتا ہے۔ تفتیشی ایجنسیوں کا دعویٰ ہے کہ سچن نے سدھو موسی والا کے قتل میں بھی کردار ادا کیا تھا۔ جانچ ایجنسی سچن کو قتل کا ماسٹر مائنڈ بھی قرار دیتی ہے۔

اس سے قبل پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے دوست سندیپ عرف کیکڑا نے سچن کے کہنے پر ہی سدھو موسی والا کی ریکی کی تھی۔ واقعہ کے دن کیکڑا سدھو موسی والا کا مداح بن کر ان کے گھر پہنچا تھا۔ کیکڑے نے موسی والا کے ساتھ باہر سیلفی لی تھی اور کافی دیر تک وہاں موجود رہا۔ جیسے ہی موسی والا باہر آئے کیکڑے نے پھر سے تمام معلومات حملہ آوروں کو دی، جس کے بعد شوٹروں نے موس والا کو گھیرے میں لینے کا منصوبہ بنایا اور موقع ملتے ہی فائرنگ کر دی۔


خیال رہے کہ اس واقعے کا ماسٹر مائنڈ کینیڈا میں بیٹھا گولڈی برار بتایا جاتا ہے۔ گولڈی بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی ہے، جو اس وقت جیل میں قید ہے۔ انہوں نے یہ قتل اپنے دوست وکی مڈوکھیڑا کی موت کا بدلہ لینے کے لیے کیا تھا۔ یاد رہے کہ سدھو موسی والا کا قتل 29 مئی کو کیا گیا تھا۔ انہیں سرعام گولیوں سے چھلنی کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ گولڈی برار نے لارنس بشنوئی کے ساتھ مل کر موسی والا کے قتل کی مکمل منصوبہ بندی کی اور پھر اپنے شوٹرز کے ذریعے اس قتل کو انجام دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔