عید الفطر کی نماز سڑکوں پر ادا کرنے پر کارروائی، عیدگاہ کی انتظامی کمیٹیوں سمیت سینکڑوں مسلمانوں کے خلاف ایف آئی آر درج

عید الفطر کے موقع پر سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر پولیس نے کانپور اور علی گڑھ کے مختلف تھانوں میں سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے

<div class="paragraphs"><p>عید کی نماز کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس</p></div>

عید کی نماز کی علامتی تصویر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کانپور/علی گڑھ: عید الفطر کے موقع پر سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر پولیس نے کانپور اور علی گڑھ کے مختلف تھانوں میں سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ کانپور میں عید الفطر کے موقع پر بڑی عیدگاہ، بینا جھابر، جاجماؤ اور بابو پوروا میں سڑک پر نماز ادا کرنے پر پولیس نے 1700 لوگوں کے خلاف تین ایف آئی آر درج کی ہیں۔ جبکہ بیناجھابر میں 1500 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اسی طرح جاجماؤ میں 200 سے 300 اور بابو پوروا میں 30 سے ​​40 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ ملزمان میں عیدگاہ کی انتظامی کمیٹیوں کے ارکان بھی شامل ہیں۔

کانپور کے بابو پوروا میں ایف آئی آر درج کرنے والے سب انسپکٹر برجیش کمار نے بتایا کہ امن کمیٹی کی میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ نماز عیدگاہ کے اندر ادا کی جائے گی اور جو لوگ بھیڑ کی وجہ سے نماز ادا نہیں کر پائیں گے وہ دوسری محفل میں نماز ادا کریں گے۔


اسی طرح بجاریا پولیس میں درج ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ امتناعی احکامات کے باوجود سینکڑوں لوگ سڑکوں پر عید کی نماز میں شریک ہوئے، پولیس نے انہیں ایسا کرنے سے روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں مانے۔ کانپور کے ڈپٹی کمشنر پولیس پرمود کمار نے کہا کہ پولیس سی سی ٹی وی اور ڈرون فوٹیج کی جانچ کر رہی ہے۔

وہیں علی گڑھ میں بھی جمعۃ الوداع اور عیدالفطر کے موقع پر سڑکوں پر نماز ادا کرنے پر نامعلوم افراد کے خلاف دو مختلف تھانوں میں دو مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 21 اور 22 اپریل کو علی گڑھ شہر کے کھٹیکان چوراہا کو سبزی منڈی چوراہا سے جوڑنے والی اور چرخہ والان کو مرگھٹ والے روڈ سے جوڑنے والی سڑکوں پر نماز ادا کی۔ اس سلسلے میں کوتوالی نگر اور دہلی گیٹ پولس تھانوں میں کیس درج کیا گیا ہے۔


علی گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کلدیپ سنگھ گوناوت نے کہا کہ علی گڑھ میں ضلع انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے وسیع انتظامات کیے گئے تھے۔ عید کے موقع پر سڑکوں پر نماز نہ پڑھنے کو یقینی بنانے کے لیے مذہبی رہنماؤں اور امن کمیٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کی گئی تھیں۔ اس طرح کی معلومات میڈیا کے ذریعے بھی پھیلائی گئیں، اس کے باوجود سڑک پر نمازیں ادا کی گئیں۔پولیس حکام اب سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ امتناعی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کی شناخت کی جا سکے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔