وقف بورڈ کو لے کر فرضی خبر پھیلانے پر تیجسوی سوریہ کے خلاف کارروائی، ایف آئی آر درج

ایک کسان کی خودکشی کے معاملے کو وقف بورڈ کے ساتھ زمینی تنازع سے جوڑ کر غلط خبر پھیلانے کے الزام میں کنڑ نیوز پورٹل کے ایڈیٹروں کے خلاف بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔

تیجسوی سوریہ، تصویر ویڈیو گریب
تیجسوی سوریہ، تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ پر فرضی خبر پھیلانے کے معاملے میں کارروائی ہوئی ہے۔ ایک کسان کی خودکشی کے معاملے کو وقف بورڈ کے ساتھ زمینی تنازع سے جوڑ کر غلط خبر پھیلانے کے الزام میں بی جے پی رہنما اور کنڑ نیوز پورٹل کے ایڈیٹروں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے جمعہ کو یہ جانکاری دی۔

سوشل میڈیا سائٹ 'ایکس' پر نیوز پورٹل کی خبر کو ساجھا کرتے ہوئے بنگلورو جنوب کے رکن پارلیمنٹ تیجسوی سوریہ نے 7 نومبر کو الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ہاویری ضلع میں کسان نے وقف بورڈ کی طرف سے اس کی زمین پر قبضہ کیے جانے کے بارے میں پتہ چلنے پر مبینہ طور سے خودکشی کرلی ہے۔ تیجسوی نے اپنے پوسٹ میں کرناٹک حکومت پر بھی اس سلسلے میں کئی الزامات لگائے تھے۔

حالانکہ بعد میں ہاویری ضلع کے ایس پی کی طرف سے خبر کو فرضی بتائے جانے کے بعد تیجسوی سوریہ نے اپنے پوسٹ کو ہٹا دیا تھا۔ ایس پی نے کہا کہ ساجھا کی گئی خبر فرضی ہے۔ ایسا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ یہاں جس کسان رودرپا چنپّا بالیکائی کی بات کی گئی ہے اس کی 6 جنوری 2022 کو خودکشی کی اطلاع ملی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس نے قرض اور فصل نقصان کی وجہ سے خودکشی کی تھی۔


ایس پی نے بتایا کہ آدر تھانے میں دفعہ 174 کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا اور حتمی رپورٹ پہلے ہی پیش کی جا چکی ہے۔ سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ ہاویری ضلع پولیس کے سوشل میڈیا نگرانی سیل میں تعینات پولیس افسر کی شکایت کی بنیاد پر بی این ایس کی دفعہ 353 (2) کے تحت کنڑ دنیا ای پیپر اور کنڑ نیوز ای پیپر کے ایڈیٹروں اور تیجسوی سوریہ کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاویری ضلع کے سی این تھانہ میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔