بہار: تیجسوی یادو کی اسکارٹس گاڑی پورنیہ میں حادثہ کی شکار، ایک شخص کی موت، جوان سمیت 11 زخمی
’جَن وشواس یاترا‘ کے دوران تیجسوی یادو کا قافلہ پورنیہ کے بیلوری سے گزر رہا تھا، اس قافلے میں اسکاؤٹ گاڑی بھی شامل تھی جو پورنیہ-کٹیہار فور لین سڑک پر غلط سائیڈ میں چلی گئی اور حادثہ پیش آ گیا۔
بہار کے پورنیہ میں سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کی اسکارٹس گاڑی حادثہ کی شکار ہو گئی۔ واقعہ پیر کی دیر شب پیش آیا۔ اس حادثے میں گاڑی کے ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ اس پر سوار چھ جوان زخمی ہو گئے۔ حادثہ کے وقت یہ گاڑی بے قابو ہو کر ڈیوائیڈر کو پار کر گئی اور دوسرے لین میں سامنے سے آ رہی لال رنگ کی ہونڈا سٹی کار سے جا ٹکرائی جس کے سبب اس میں سوار پانچ دیگر لوگ بھی زخمی ہو گئے۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ حادثہ مفصل تھانہ حلقہ کے این ایچ 131 اے پورنیہ-کٹیہار سڑک پر ایک شادی ہال کے نزدیک ہوا۔ ’جَن وشواس یاترا‘ کے دوران تیجسوی یادو کا قافلہ پورنیہ کے بیلوری سے گزر رہا تھا۔ اس قافلے میں یہ اسکاؤٹ کی گاڑی بھی شامل تھی۔ گاڑی پورنیہ-کٹیہار فور لین سڑک پر غلط لین میں چلی گئی جس وجہ سے کٹیہار کی طرف سے آ رہی ایک گاڑی کی اس سے ٹکر ہو گئی۔
حادثہ کی جانکاری ملتے ہی پورنیہ ایس پی اوپیندر ناتھ ورما جی ایم سی ایچ پہنچے۔ وہاں انھوں نے زخمیوں سے ملاقات کی اور حالات کا جائزہ لیا۔ ایس پی نے اس حادثہ پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ حادثہ کے فوراً بعد ہونڈا سٹی کار کا ایئربیگ کھل گیا جس کی وجہ سے اس میں سوار سبھی لوگوں کی جان بچ سکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔