اتراکھنڈ کے ’جوشی مٹھ‘ میں دردناک حادثہ، گاڑی کھائی میں گرنے سے 12 افراد ہلاک، وزیر اعلیٰ دھامی کا اظہارِ غم
حادثہ کی خبر ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ ہمانشو کھرانہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ پرمیندر ڈوبال سمیت ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
اتراکھنڈ واقع جوشی مٹھ میں پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں 2 خواتین سمیت 12 افراد کی موت کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کئی لوگ اس حادثہ میں زخمی ہو کر پھنس گئے ہیں جن کے لیے راحت رسانی مہم جاری ہے۔ دراصل جوشی مٹھ بلاک کے اُرگم-پلا جکھولا موٹر سڑک پر گاڑی نے اچانک اپنا کنٹرول گنوا دیا اور وہ کھائی میں جا گری۔ اس واقعہ میں 10 مردوں اور 2 خواتین کے موت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
اس دردناک حادثہ کی خبر ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ ہمانشو کھرانہ، پولیس سپرنٹنڈنٹ پرمیندر ڈوبال سمیت ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ 12 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مزید کوئی پھنسا ہوا تو نہیں ہے۔ حادثہ میں تین زخمی افراد کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے حادثہ کی خبر ملنے کے بعد اظہارِ غم کیا ہے۔ ان کی طرف سے ضلع مجسٹریٹ چمولی سے فون پر بات کی گئی ہے اور واضح ہدایت دی گئی ہے کہ ریسکیو آپریشن کو تیزی سے پورا کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو بچانے پر توجہ دی جائے۔ اس درمیان پولیس نے حادثہ کی وجہ سے متعلق جانچ بھی شروع کر دی ہے۔ یہ جاننے کی کوشش ہو رہی ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی غلطی کے سبب ہوا یا پھر کوئی دوسری وجہ تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔