اتر پردیش: ڈبل ڈیکر بس اور ٹریلر کے درمیان زبردست ٹکر، 14 افراد ہلاک، درجنوں زخمی
فیروز آباد کے لکھنؤ-آگرہ ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس اور ٹریلر کے درمیان ہوئی شدید ٹکر میں 14 افراد کی موت ہو گئی جب کہ 31 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کا علاج قریبی اسپتال میں چل رہا ہے۔
فیروز آباد: اترپردیش کے فیروز آباد لکھنؤ - آگرہ ایکسپریس وے پر بس اور ٹریلر کے مابین ہوئی شدید ٹکر سے 14 افراد کی موت ہو گئی جبکہ دیگر 31 زخمی ہو گئے۔ پولیس نے جمعرات کی صبح یہاں یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے بتایا کہ لکھنؤ -ایکسپریس وے پر دہلی سے بہار کے موتيہاری جارہی ڈبل ڈیکر بس فیروز آباد ضلع کے ننگلہ کھنگر علاقے میں ٹریلر سے ٹکرا گئی ۔ حادثے میں ٹریلر ڈرائیور سمیت 14 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 31 افراد زخمی ہو گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے ۔ مرنے والوں میں بیشتر بہار کے رہنے والے ہیں ۔ زخمیوں میں کچھ کی حالت نازک ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بدھ کی شب تقریباً دس بجے پیش آئے اس حادثے میں دس افراد کی موقع پر ہی موت ہوئی ہے جبکہ چار نے بعد میں دم توڑ دیا ۔ حادثے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں اور مرنے والوں کو گاڑیوں سے نکلوایا ۔ زخمیوں کو سیفئی میڈیکل کالج بھیجا گیا ہے ۔ بس میں تقریباً 60 مسافر تھے ۔انہوں نے بتایا کہ مرنے والوں میں 12 افراد کی شناخت ہو گئی ہے جس میں مکیش (26) ونود (25) کلیم الدین (45) بھگونت (54) هریندر پاسوان (44) چندن (24) ساگیشور شاہ (42) گلشن (25) انل شاہ (50 ) راکیش (35) اشتیاق (30) اور الہ آباد کا رہنے والا 45 سالہ ٹریلر ڈرائیور بھور ا شامل ہیں ۔ فیروز آباد میں پیش آئے شدید سڑک حادثہ پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کے بہتر علاج کے لئے وہاں کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔