گالی باز شری کانت تیاگی کو جیل سے نہیں ملے گا چھٹکارا، ضمانت عرضی خارج

شری کانت تیاگی کی ضمانت عرضی کو عدالت نے خارج کر دیا ہے، علاوہ ازیں عدالت میں پولیس نے ملزم کے خلاف تین نئے اور چھ پرانے کیسز کی جانکاری بھی دی ہے۔

پولیس کی گرفت میں شری کانت تیاگی
پولیس کی گرفت میں شری کانت تیاگی
user

قومی آواز بیورو

نوئیڈا کے گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی ارو گالی گلوچ کرنے کے ملزم شری کانت تیاگی کو فی الحال جیل سے چھٹکارا ملتا نظر نہیں آ رہا۔ ڈسٹرکٹ کورٹ نے گینگسٹر ایکٹ میں اس کی ضمانت عرضی پر سماعت کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ انھیں یہ راحت نہیں دی جانی چاہیے۔ یعنی ضمانت عرضی کو عدالت نے خارج کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ علاوہ ازیں عدالت میں پولیس نے ملزم کے خلاف تین نئے اور چھ پرانے کیسز کی جانکاری بھی دی ہے۔

شری کانت تیاگی معاملے میں جمعہ کو ڈسٹرکٹ کورٹ میں سماعت ہوئی اور اس دوران عدالت نے ان کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے معاملے میں ضمانت عرضی کو خارج کر دیا۔ اس سے پہلے بھی گزشتہ ہفتہ ان کے خلاف عدالت میں سماعت ہوئی تھی، اور تب انھیں عدالت نے تین معاملوں میں ضمانت دے دی تھی۔ ضمانت ملنے کے بعد بھی ملزم شری کانت تیاگی کو جیل سے رِہا نہیں کیا گیا تھا۔ آج اگر گینگسٹر ایکٹ میں ضمانت عرضی منظور ہو جاتی تو امید کی جا رہی تھی کہ ملزم جیل سے باہر آ جاتا۔


گزشتہ سماعت کے دوران شری کانت تیاگی کو تعزیرات ہند کی دفعات 354، 420 اور گالی گلوچ کے معاملے میں ضمانت مل گئی تھی۔ لیکن تیاگی کے خلاف چار مقدمے درج کیے گئے تھے جن میں سے ایک گینگسٹر ایکٹ کا مقدمہ ہے۔ گرینڈ اومیکس سوسائٹی کیس کے بعد پولیس نے اس پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کی اور بھاگتے پھر رہے شری کانت پر 25 ہزار روپے کا انعام بھی اعلان کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔