ایئر انڈیا عملے کے رکن سے بدسلوکی، ملزم مسافر کو دہلی ایئرپورٹ پر کیا گیا پولیس کے حوالے

ایئر انڈیا کے کیبن کریو سپروائزر کی شکایت پر پولیس نے پنجاب کے 25 سالہ ملزم مسافر جس کیرت سنگھ پڈا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

ایئر انڈیا کی پرواز
ایئر انڈیا کی پرواز
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: ایئر انڈیا کی پرواز میں عملے کے ایک رکن کے ساتھ بدتمیزی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ ایئرلائنز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’29 مئی کو ہماری پرواز ’اے آئی 882‘ میں ایک مسافر نے بدتمیزی کی۔ ملزم مسافر نے عملے کے ساتھ بدسلوکی کی اور پھر ان میں سے ایک پر حملہ کیا۔ دہلی ایئرپورٹ پر اترنے کے بعد بھی مسافر نے ایسا رویہ اختیار کیے رکھا، جس کے بعد اسے سیکورٹی اہلکاروں کے حوالے کر دیا گیا۔

اس واقعہ کی اطلاع ریگولیٹر کو بھی دی گئی ہے۔ ایئر انڈیا کی پرواز میں دو ماہ میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں بھی ایک مسافر نے عملے کے رکن کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ 10 اپریل کو دہلی-لندن فلائٹ میں ایک مسافر نے عملے کی دو خواتین ارکان کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ ایئرلائن نے اس واقعے کے بعد ملزم پر دو سال کے لیے پابندی لگا دی تھی۔


ایئر انڈیا کے کیبن کریو سپروائزر کی شکایت پر پولیس نے پنجاب کے 25 سالہ ملزم مسافر جس کیرت سنگھ پڈا کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ حال ہی میں فلائٹ میں بدتمیزی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ یہاں تک کہ مسافروں پر پیشاب کرنے کے بھی کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔ اسی مہینے 11 مئی کو ایک خاتون مسافر نے نشے کی حالت میں دہلی-کولکاتا انڈیگو کی پرواز میں عملے کے ایک رکن کے ساتھ بدتمیزی کی تھی۔ ملزم خاتون کو کولکاتا ہوائی اڈے پر سی آئی ایس ایف کے حوالے کر دیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر کا نام پرم جیت کور تھا اور عملے کے ارکان اور ساتھی مسافروں نے اسے نشے کی حالت میں پایا۔ اس نے عملے کے علاوہ دیگر مسافروں کے ساتھ بھی نامناسب سلوک کیا۔ ہوائی اڈے پر طیارے کے اترنے کے بعد ملزم مسافر کو سی آئی ایس ایف اہلکاروں نے اپنی تحویل میں لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔