ابو عاصم اعظمی نے آرین خان کی گرفتاری کو پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا
ایودھیا میں سماجوادی پارٹی پریورتن یاترا لے کر آئے ابو عاصم اعظمی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری پر کام کم ہو رہا ہے، اور پرچار زیادہ۔
ایودھیا: مہاراشٹرا میں سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر ابو عاصم اعظمی نے آج یہاں کہا کہ فلمی اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری پبلی سٹی حاصل کرنے کی این سی بی کی کوشش ہے۔ ایودھیا میں ایس پی پریورتن یاترا کو لے کر آئے اعظمی نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کی گرفتاری پر کام کم ہو رہا ہے۔ پرچار زیادہ ہو رہا ہے۔ ممبئی میں سلم بستیوں میں بھی نشے کا کاروبار ہوتا ہے لیکن ان کو پکڑنے میں پبلیسٹی نہیں ملتی ہے جبکہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو پکڑنے سے شہرت کافی بڑھ گئی ہے۔
ایس پی لیڈر نے کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی کی حکومت کی وداعی طے ہوچکی ہے جبکہ ان کی پارٹی حکومت بنانے کے لئے کمر کس چکی ہے۔ بی جے پی نے ملک کو برباد کر دیا ہے۔ ایس پی پر آج تک کوئی ایسا الزام نہیں لگا ہے۔ سال 2012 تا 2017 تک ایس پی نے اترپردیش میں ترقیاتی کام کیے ہیں۔ اسی ترقیاتی کام کو دیکھتے ہوئے عوام بی جے پی کو ہٹا کر ایس پی کی حکومت بنانے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے اسمبلی الیکشن میں اترپردیش کے عوام سائیکل کو دوڑائے گی اور ایس پی کی حکومت بنے گی۔ ایس پی کے میعاد کار میں جو ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ عوام بھولے نہیں ہیں۔ اور ان کو یاد ہے کیونکہ بی جے پی کے میعاد کار میں کوئی کام ریاستی انتظامیہ کے لئے نہیں ہوا ہے بلکہ مہنگائی کا بوجھ بڑھا ہے۔ چھوٹی پارٹیوں سے ایس پی اتحاد کرسکتی ہے۔ ویسے اکھلیش جو صحیح لگے گا وہی کریں گے۔
اعظمی نے کہا کہ ایس پی کے پاس عوام کا ووٹ بینک موجود ہے۔ اترپردیش میں تبدیلی یاترا اب نکل چکی ہے اور اسے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔ اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے مجھے یہ ذمہ داری دی ہے اور میں خود اس یاترا کو لے کر دورہ کر کے ایس پی کے وقت جو کام ہوئے تھے اور ہونے سے رہ گئے تھے ان کو عوام کو یاد دلانے کا کام کر رہا ہوں۔ جس سے حکومت بن سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔