راج ٹھاکرے کو گرفتار کیا جائے، ابوعاصم اعظمی کا مطالبہ
ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ راج ٹھاکرے متنازعہ بیانات کے ذریعے سیاسی فائدہ اور سماج میں منافرت پھیلانے کی کوشیش کر رہے ہیں۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کیا جائے۔
ممبئی: ممبئی مہاراشٹر سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) چیف راج ٹھاکرے کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ راج ٹھاکرے اپنے متنازعہ بیانات سے معاشرے میں شرانگیزی اور نفرت پیدا کرنے کی کوشیش کر رہے ہیں۔ راج ٹھاکرے کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔
ابوعاصم اعظمی نے ممبئی میں شرد پوار سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راج ٹھاکرے کی سیاسی حیثیت ختم ہوچکی ہے۔ وہ اپنی سیاسی حیثیت کو بحال کرنے کے لئے معاشرے میں نفرت کے بیج بو رہے ہیں اور ہندوؤں اور مسلمانوں میں نفرت پیدا کر نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ انہوں نے شرد پوار سے ملاقات کے دوران راج ٹھاکرے کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور ان کے ہاتھوں میں ہتھکڑی ڈال کر سلاخوں کے پیچھے ڈالنے کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ ابوعاصم اعظمی کانگریس، این سی پی اور شیوسینا پر مشتمل مہاوکاس آگھاڑی حکومت کا حصہ ہیں۔
ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ راج ٹھاکرے لاؤڈاسپیکر پر اذان کے شرانگیز مطالبے کو لیکر ریاست کا امن و امان برباد کرنے کی کوشیش کر رہے ہیں لیکن وہ اپنے منصوبے میں کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ریاست کے عوام امن پسند ہیں۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے نے گڑی پاڑوا کے موقع پر ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے مساجد سے لاؤڈاسپیکر پر اذان کی مخالفت کی تھی اور اس کی مخالفت میں مساجد کے باہر ہنومان چالیسا بجانے کی بھی بات کہی تھی۔ دوسرے ہی دن ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں ایک مسجد کے سامنے لاؤڈ اسپیکر ہر ہنومان چالیسا بجانے کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا جس کے خلاف ممبئی پولیس نے کارروائی بھی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔