پنجاب میں عآپ کی سنامی نے کیپٹن امرندر سنگھ کو بھی کیا غرقاب
عآپ امیدوار اجیت پال سنگھ کوہلی نے کیپٹن امرندر سنگھ کو بڑے فرق سے شکست دی، اس سیٹ پر کیپٹن امرندر کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے، دوسرے مقام پر کانگریس کے وشنو شرما رہے۔
پنجاب اسمبلی انتخاب کا حتمی نتیجہ آنے میں ابھی کچھ وقت درکار ہے۔ لیکن جو رجحانات سامنے آئے ہیں اس نے ایگزٹ پول سے بھی کچھ قدم آگے بڑھا دیا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے پنجاب میں عآپ کی سنامی آ گئی ہے اور اس سنامی میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ بھی غرقاب ہو گئے ہیں۔ پنجاب کے قدآور لیڈروں میں شمار امرندر سنگھ پٹیالہ سیٹ سے کھڑے ہوئے تھے جہاں عآپ امیدوار سے بری طرح شکست کھا گئے ہیں۔
عآپ امیدوار اجیت پال سنگھ کوہلی نے کیپٹن امرندر سنگھ کو بڑے فرق سے شکست دی۔ اس سیٹ پر کیپٹن امرندر کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ دوسرے مقام پر کانگریس کے وشنو شرما رہے۔ یعنی کیپٹن امرندر کا کانگریس سے ہٹ کر اپنی پارٹی بنانا، اور پھر بی جے پی کے ساتھ اتحاد کر کے انتخابی میدان میں اترنا خطرناک ثابت ہوا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ اس سیٹ سے 2017 میں کیپٹن امرندر نے عآپ امیدوار ڈاکٹر بلبیر سنگھ پر 52 ہزار سے زائد ووٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔
واضح رہے کہ پٹیالہ شہر سیٹ کو کیپٹن امرندر سنگھ کا آبائی قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔ امرندر سنگھ یہاں سے لگاتار 2002، 2007، 2012 اور 2017 میں چار بار رکن اسمبلی بنے وہیں 2014 میں امرندر سنگھ، امرتسر لوک سبھا سیٹ سے انتخاب لڑے اور جیتنے کے بعد انھیں اپنی اسمبلی سیٹ چھوڑنی پری۔ ان کی چھوڑی گئی سیٹ پر بیوی پرنیت کور ضمنی انتخاب جیتی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔