راجیہ سبھا: عآپ امیدواروں کے ناموں کا اعلان، آشوتوش، وشواس درکنار
دہلی میں برسر اقتدار عآپ نے راجیہ سبھا کے لئے سنجے سنگھ، نوین گپتا اور سشیل گپتا کے ناموں پر مہر لگا دی ہے اور حیران کن بات یہ ہے کہ کمار وشواس اور آشوتوش کو راجیہ سبھا میں نہیں بھیجا جا رہا ہے۔
عام آدمی پارٹی پہلی بار اپنے نمائندے راجیہ سبھا میں بھیج رہی ہے اور پارٹی نے ان تین ناموں کا اعلان بھی کر دیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کی پولیٹکل افیئر کمیٹی (پی اے سی ) کے اجلاس کے دوران ناموں پر حتمی فیصلہ لیا گیا۔ پی اے سی کا اجلاس دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا۔ 8 رکنی پی اے سی کو ناموں پر حتمی فیصلہ لینے میں تاخیر اس لئے ہوئی کیوں کہ پارٹی کے کنوینراور وزیر اعلیٰ اروند کجریوال اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا دونون ہی دہلی سے باہر تھے۔ بدھ کو دونوں رہنماؤں کی موجودگی میں ناموں پر مہر لگا دی گئی۔
واضح رہے کہ 29 دسمبر کو نوٹیفکیشن جای ہونے کے ساتھ ہی انتخابی عمل شروع ہو گیا تھا لیکن عام آدمی پارٹی نے اپنے پتے نہیں کھولے تھے۔ اتر پردیش کے انچارج اور پارٹی کے سینئر رہنما سنجے سنگھ کا راجیہ سبھا میں جانا تقریباً طے ہو چکا تھا کیوں پارٹی میں ان کے نام پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا تھا۔ دو دیگر امیدواروں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ (سی اے ) نارائن داس گپتا اور کاروباری سشیل گپتا کے ناموں پر بھی غور چل رہا تھا جن پر آج حتمی فیصلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ کمار وشواش کے باغیانہ تیور پہلے ہی سے ظاہر ہو رہے تھے اس لئے اس لئے ان ناموں کا اعلان آخری لمحات میں کیا گیا ۔ راجیہ سبھا کے لئے کاغذات نامزدگی پیش کرنے کی آخری تاریخ 5 جنوری ہے۔
واضح رہے کہ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں میں سے 66 پر عام آدمی پارٹی کا قبضہ ہے اس لئے تینوں امیدواروں کا منتخب ہونا تقریباً طے ہے یہی وجہ ہے کہ امیدواروں کے حوالے سے دہلی کی حزب اختلاف کی پارٹیوں، بی جے پی اور کانگریس میں کوئی ہلچل ظاہر نہیں ہو رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 03 Jan 2018, 2:21 PM