’نیم فوجی دستوں کی پنشن سمیت دیگر سہولیات بحال ہوں‘، عآپ رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں دیا بحث کا نوٹس
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے نیم فوجی دستوں کے جوانوں کی پنشن سمیت دیگر سہولیات کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں بحث کا نوٹس دیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ نے نیم فوجی دستوں کے جوانوں کی پنشن سمیت دیگر سہولیات کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے راجیہ سبھا میں بحث کا نوٹس دیا ہے۔ اس ایشو پر جلد بحث کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ سنجے سنگھ نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ ملک میں 10 لاکھ سے زیادہ نیم فوجی دستوں کے جوان کام کر رہے ہیں۔ یہ جوان سرحد سیکورٹی کے ساتھ ساتھ سیلاب، قدرتی آفات، فرقہ وارانہ فسادات اور انتخابات تک میں اپنی جان کی فکر کیے بغیر ملک کے شہریوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
سنجے سنگھ کے مطابق 2004 کے بعد کے جوانوں کی پنشن بند کرنے، کینٹین کی سہولت پر جی ایس ٹی لگانے، وَن رینک وَن پنشن کا فائدہ ساتویں پے کمیشن کے طرز پر نافذ نہ ہونے، جوانوں کے بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں کی کمی اور جونیئر افسران کو ٹھیک سے پروموشن اور تنخواہ کا فائدہ نہ ملنا ایسے ایشوز ہیں جن پر بحث ہونی چاہیے۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فوجی جوانوں کو یہ سبھی سہولیات ملتی ہیں، لیکن نیم فوجی دستوں کے جوان اس سے محروم ہیں۔ یہ بدقسمتی ہے کہ حکومت فوج اور نیم فوجی دستوں میں تفریق کر رہی ہے۔ انھیں شہید کا درجہ تک نہیں دیا جاتا۔
سنجے سنگھ کا کہنا ہے کہ اس ایشو پر وسیع بحث ضروری ہے۔ ایسے میں رول 267 کے تحت انھوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین سے گزارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیگر کاموں کو ملتوی کر اس سنگین اور حساس ایشو پر ایوان میں بحث کرائی جائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔