کیجریوال کے ’معافی نامہ‘ کے بعد عآپ میں افراتفری، بھگونت مان کا استعفیٰ
پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ بھگونت مان کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک دن پہلے ہی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے پنجاب کے سابق وزیر وکرم سنگھ مجیٹھیا سے متعلق بیان پر معافی مانگی تھی۔
پنجاب میں عام آدمی پارٹی (عآپ) کے سربراہ بھگونت مان نے جمعہ کو اس عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفیٰ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ڈرگ مافیہ اور بدعنوانی کے خلاف ان کی لڑائی جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں بھگونت مان نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ”میں عام آدمی پارٹی کے پنجاب صدر عہدہ سے استعفیٰ دے رہا ہوں لیکن پنجاب کے عام آدمی کے طور پر میری ڈرگ مافیہ اور سبھی طرح کی بدعنوانیوں کے خلاف لڑائی جاری رہے گی۔“
قابل ذکر ہے کہ بھگونت مان کا یہ استعفیٰ ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک دن قبل ہی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے پنجاب کے سابق وزیر وکرم سنگھ مجیٹھیا کے ڈرگس تجارت میں شامل ہونے کے اپنے متنازعہ بیان پر معافی طلب کی تھی۔ کیجریوال کے معافی نامہ کے بعد سے ہی عآپ میں گہما گہمی شروع ہو گئی تھی اور مان کے استعفیٰ کے بعد عآپ کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھگونت مان لوک سبھا میں سنگرور پارلیمانی انتخابی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انھیں مئی 2017 میں پنجاب کا پارٹی سربراہ بنایا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Mar 2018, 2:29 PM