فلم شائقین کو ’ٹھگنے‘ کے بعد عامر خان نے مانگی معافی
عامر خان نے فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے لوگوں سے معافی مانگی ہے۔ انھوں نے کہا کہ مجھے بہت افسوس ہے کہ میں لوگوں کی امیدوں پر کھرا نہیں اتر سکا۔
’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی باکس آفس پر انتہائی خراب کارکردگی کے بعد پہلی مرتبہ عامر خان نے فلم شائقین سے معافی مانگی ہے۔ انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں اس فلم کے ناکام ہونے کی پوری ذمہ داری لیتے ہوئے لوگوں سے معافی طلب کی۔ پہلی مرتبہ امیتابھ بچن کے ساتھ فلمی پردے پر نظر آنے والے عامر خان نے کہا کہ انھوں نے اس فلم کے لیے کافی محنت کی تھی لیکن وہ محسوس کرتے ہیں کہ کہیں نہ کہیں کوئی کمی رہ گئی اور وہ لوگوں کی تفریح میں ناکام ثابت ہوئے۔
عامر خان نے پریس کانفرنس کے دوران یہ بھی کہا کہ کچھ لوگ ہیں جنھیں فلم پسند آئی ہے لیکن ایسے لوگوں کی تعداد انتہائی کم ہے۔ ساتھ ہی وہ کہتے ہیں کہ ’’جو لوگ آئے تھے میری فلم دیکھنے کے لیے میں ان سے معافی مانگنا چاہوں گا، کہ اس بار میں ان کو اتنی تفریح مہیا نہیں کر پایا۔ حالانکہ میں نے پوری کوشش کی تھی۔ جو لوگ اس امید کے ساتھ آئے تھے کہ انھیں خوب مزہ ملے گا اور ایسا نہیں ہوا، اس کے لیے مجھے بہت زیادہ برا لگ رہا ہے۔ میں اپنی فلموں کے بہت قریب ہوں، میری فلمیں میرے بچوں جیسی ہوتی ہیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کو لے کر لوگوں کو بہت زیادہ امیدیں تھیں اور یہی وجہ ہے کہ پہلے دن ٹکٹ کھڑکی پر اس نے کئی ریکارڈ قائم کیے، لیکن دوسرے دن سے ہی کاروبار میں جو تیز گراوٹ شروع ہوئی، وہ پھر سنبھل نہیں سکی۔ پہلے دن فلم نے 50 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا تھا، اور امید ریلیز سے پہلے امید کی جا رہی تھی کہ پہلے ہفتہ میں ہی یہ 200 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کر لے گی۔ لیکن فلم ناقدین کے خراب ریویو اور ناظرین کے منفی تبصروں نے حالت ایسی کر دی کہ 200 کروڑ کا ٹارگیٹ پورا کرنا بھی مشکل معلوم ہو رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Nov 2018, 10:09 PM