نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کی حمایت کرے گی عام آدمی پارٹی
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی صدارت میں سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس کے دوران یہ فیصلہ لیا
نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے نائب صدر عہدے کے لیے اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کو اپنی حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ بدھ کو پارٹی کے سیاسی امور کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ خیال رہے کہ عام آدمی پارٹی نے صدارتی انتخاب میں بھی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا کی حمایت کی تھی۔
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ سیاسی امور کمیٹی کا ایک اجلاس عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدر کے انتخاب میں عام آدمی پارٹی کس کی حمایت کرے گی اس پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اروند کیجریوال اور پی اے سی کے ارکان نے متفقہ طور پر نائب صدر کے انتخاب میں اپوزیشن کی امیدوار مارگریٹ الوا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ہمارے تمام راجیہ سبھا ممبران اسمبلی 6 تاریخ کو انہیں ووٹ دیں گے۔
جھارکھنڈ مکتی مورچہ کا بھی مارگریٹ الوا کی حمایت کا فیصلہ
قبل ازیں، جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم مایم) نے بھی اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ امیدوار مارگریٹ الوا کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا۔ پارٹی کے صدر شیبو سورین نے بدھ کے روز پارٹی کے اس فیصلے کے حوالہ سے مکتوب جاری کیا۔ سورین نے کہا کہ پارٹی نے یہ فیصلہ غور و خوض کے بعد کیا ہے۔ سورین نے تمام پارٹی ممبران پارلیمنٹ کو ہدایت دی ہے کہ وہ 6 آئندہ اگست کو ہونے والے انتخاب میں مارگریٹ الوا کے حق میں اپنا ووٹ ڈالیں۔
واضح رہے کہ مارگریٹ الوا نے 19 جولائی کو نائب صدر انتخاب کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کئے تھے۔ انہیں میدان میں اتارنے کا فیصلہ 17 جماعتوں کے اپوزیشن لیڈروں کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ الوا 6 اگست کو ہونے والے نائب صدر کے انتخاب میں این ڈی اے کے امیدوار اور مغربی بنگال کے سابق گورنر جگدیپ دھنکڑ سے مقابلہ کریں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔