ایم سی ڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کے انتخاب میں حصہ نہیں لے گی عام آدمی پارٹی، الیکشن سے قبل منیش سسودیا کا اعلان

عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما منیش سسودیا نے جمعہ کو ایم سی ڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کے 18ویں رکن کے انتخاب کے حوالے سے بیان دیا ہے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے واحد رکن کا انتخاب مکمل طور پر غلط ہے

<div class="paragraphs"><p>منیش سسودیا اور شیلی اوبرائے / تصویر قومی&nbsp;آواز / وپن</p></div>

منیش سسودیا اور شیلی اوبرائے / تصویر قومیآواز / وپن

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما منیش سسودیا نے جمعہ کو ایم سی ڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کے 18ویں رکن کے انتخاب کے حوالے سے بیان دیا ہے کہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے واحد رکن کا انتخاب مکمل طور پر غلط ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج کا الیکشن وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جمہوریت کو تار تار کر رہی ہے۔

منیش سسودیا نے کہا کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ونے کمار سکسینہ نے ایم سی ڈی کمشنر کو حکم دیا کہ الیکشن رات تک مکمل کر لیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کیا سازش ہے؟ آخر ایڈیشنل کمشنر کی سربراہی میں انتخاب کیسے ہو سکتا ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی افسر منتخب نمائندوں کی جانب سے بنائے گئے ایوان کی سربراہی کیسے کر سکتا ہے؟


انہوں نے چنڈی گڑھ کی مثال دی جہاں کچھ لوگوں نے قوانین کی خلاف ورزی کی تھی اور کہا کہ ایم سی ڈی کمشنر بھی اسی طرح کا رویہ اپنا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ وہ ایل جی کی ہدایت پر ایسا کر رہے ہیں۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی حالات رہے تو کل کو بی جے پی چاہے گی کہ اسمبلی یا لوک سبھا کے اجلاس کی صدارت بھی کسی ایڈیشنل سیکرٹری کے ذریعے کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے ہندوستان کی جمہوریت کی بے حرمتی کی ہے۔

منیش سسودیا نے اعلان کیا کہ ایم سی ڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کے انتخاب کا کوئی اختیار ایل جی، ایم سی ڈی یا کمشنر کے پاس نہیں ہے اور عام آدمی پارٹی آج ایک بجے ہونے والے الیکشن میں حصہ نہیں لے گی، کیونکہ یہ غیر قانونی ہے۔

خیال رہے کہ ایم سی ڈی اسٹینڈنگ کمیٹی کا الیکشن پچھلے ڈیڑھ سال سے تنازعات میں ہے۔ 26 ستمبر کو اسٹینڈنگ کمیٹی کے 18ویں رکن کا انتخاب ہونا تھا، جسے میئر شیلی اوبرائے نے پانچ اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا۔ اس کے بعد ایل جی نے ایم سی ڈی کمشنر کو حکم دیا کہ رات دس بجے سے پہلے ہر حال میں الیکشن کروایا جائے۔ اس حکم کی منیش سسودیا نے سخت مذمت کی تھی، جس کے بعد الیکشن ملتوی کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔