’کچھ بھی کر کے دہلی کو مکمل ریاست بنائیں گے‘، عآپ کا انتخابی منشور جاری

عام آدمی پارٹی (عآپ) نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جمعرات کو یہاں جاری اپنے انتخابی منشور میں دہلی کو ’مکمل ریاست‘ کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جمعرات کو یہاں جاری اپنے انتخابی منشور میں دہلی کو ’مکمل ریاست‘ کا درجہ دلانے کا وعدہ کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیراعلی اروند کیجری وال نے نائب وزیراعلی منیش سسودیا، راجیہ سبھا رکن پارلیمان سنجے سنگھ اور پارٹی کے دیگر سینئر لیڈروں کی موجودگی میں 38 صفحات پر مشتمل انتخابی منشور جاری کیا۔

انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ’’دہلی میں عام آدمی پارٹی 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں مکمل ریاست کا درجہ دلانے کےلئے لڑرہی ہے۔ دہلی میں سات لوک سبھا سیٹیں ہیں لیکن دیگر ریاستوں سے جیت کر آئے پارٹی کے دیگر ممبران پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے تین اراکین مل کر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کو یقینی بنانے کے لئے پارلیمنٹ سےلےکر سڑک تک لڑائی لڑیں گے۔ ‘‘

دلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی نے کہا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دلانے کے لئے وہ دلی والوں سے جذباتی طور سے منسلک دیگر سیاسی پارٹیوں کا بھی ساتھ لے گی۔ کیجریوال نے انتخابی منشور جاری کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’یہ انتخابات وزیراعظم منتخب کرنے کے لئے نہیں ہے لیکن دہلی کو ایک ریاست بنائیں گے۔ کچھ بھی کریں گے، دہلی کو مکمل ریاست بنا کر رہیں گے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اگر دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ مل جائے تو پولس کو عوام کے تئیں جوابدہ بنایا جائے گا۔ خواتین کی سلامتی کے نظم میں بہتری لائی جائے گی۔ دہلی کے کالجوں میں یہاں کے 85 فیصد طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔

دہلی کے نائب وزیراعلی منیش سسودیا نے اس موقع پر کہا کہ ’’ہمارے انتخابی منشور سے لوگوں کو یہ جانکاری ملے گی کہ دوسرے ممالک کی راجدھانیوں کو مکمل ریاست کا درجہ کیسے ملا اور منتخب حکومت کے پاس سبھی حقوق ہوتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر دہلی ایک مکمل ریاست ہوتی تو جن لوک پال بل پاس ہوگیا ہوتا۔ سال 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد دہلی میں برسراقتدار آئی عام آدمی پارٹی کی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتر کام کررہی ہے۔ پارٹی کے آج جاری کردہ انتخابی منشور میں بھی انہیں دو شعبوں پر توجہ مرکوز کیا گیا ہے۔


انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا ہے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ملنے کے بعد دہلی کے طالب علموں کو کالج میں داخلہ میں ریزرو یشن دیا جائے گا۔ عآپ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی کے ہر کالج کی 85 فیصد سیٹیں یہاں کے شہریوں کے لئے ریزرو کی جائیں گی۔ پارٹی نے اسکولوں میں سہولتوں کے اضافے کے علاوہ سرکاری اسکولوں کے گیسٹ ٹیچر کی خدمات ریگولر کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

عام آدمی پارٹی نے صحت کے شعبہ میں اور بہتری کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر ہم اور نئے محلہ کلینک کھولیں گے جس سے دہلی کے ہر شہری کو ایک کلومیٹر کے دائرے میں صحت کی سہولتیں مل سکیں۔ عام آدمی پارٹی نے وعدہ کیا ہے کہ دہلی کے مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر خواتین کو دلی پولس کے سبھی عہدوں پر 33 فیصد ریزرویشن یقینی بنایا جائے گا۔ ہر تھانے میں خواتین کے خلاف ہونے والے جرموں پر قابو پانے کے لئے خصوصی سیل بنایا جائے گا۔

پورے ملک میں بدعنوانی کے خلاف مہم چلانے والی عام آدمی پارٹی نے اپنے انتخاب منشور میں کہا ہے کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ ملنے پر جن لوک پال بل کا نفاذ کیا جائے گا جس سے ایک موثر لوک پال مقرر کیا جاسکے۔ یہ لوک پال ہر سرکاری افسر کی جانچ کرسکے گا۔ کیجری وال نے کہا کہ ’’ہم دہلی کے نوجوانوں کو یہاں کی سرکاری نوکریوں میں 80 فیصد ریزرویشن دیں گے۔ یہاں کے سبھی خالی عہدوں کو ایک سال کے اندر بھر دیا جائے گا۔‘‘

عآپ کے انتخابی منشور میں کہا گیا ہے کہ ’’ہم کسی صنعت اور دکانوں کو سیل نہیں کرنے دیں گے۔ گزشتہ تین برسوں میں سیل کی گئیں دکانوں کے معاملوں کا جائزہ لینے کے لئے ایک اعلی اختیاراتی کمیٹی تشکیل دیں گے۔‘‘ عآپ نے 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں دہلی کی 70 میں سے 67 سیٹیں جیت کر تاریخ بنائی تھی۔ پارٹی دہلی کی سبھی ساتوں سیٹوں پر انتخابات لڑرہی ہے۔ یہاں 12 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔